سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت پھیلانے والے 218 افراد گرفتار


لاہور: کاونٹر ٹیراریزم ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت پھیلانے والے 218 افراد گرفتار کرلیے ہیں۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتارملزمان کیخلاف مقدمات بھی درج کرلیے گئے ہیں جبکہ مذہبی منافرت پھیلانے والی 4 ہزار سے زائد سائٹس بھی بلاک کردی گئی ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل پنجاب حکومت نے سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے قانون سازی کا فیصلہ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹوئٹر نے مذہبی منافرت پھیلانے والے مواد پر پابندی لگا دی

اس ضمن میں پنجاب حکومت نے وفاقی حکومت سے رابطہ بھی کیا تھا۔ پنجاب حکومت نے وفاق سے سائبر ایکٹ میں صوبائی حکومت کو اختیار دینے کے لیے  ترامیم کی درخواست کی تھی۔

وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے اس حوالے سے بتایا تھا کہ مذہبی منافرت پھیلانے والے افراد کے خلاف کارروائی کا اختیار صوبائی حکومت کے پاس نہیں ہے۔

راجہ بشارت نے کہا تھا کہ محرم الحرام میں سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت پھیلانے سےمتعلق 203 شکایات موصول ہوئیں۔

پنجاب کے وزیر قانون کا کہنا تھا کہ ایڈہاک بنیادوں پر ایسے افراد کے خلاف انسداد دہشت گردی ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کو صرف محرم میں کارروائی کرنے کی اجازت دی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ قوانین میں تبدیلی کے لیے پرائیویٹ اراکین بھی بل لے کر آئے تو سپورٹ کریں گے۔


متعلقہ خبریں