ورسٹائل اداکار سلیم ناصر کو بچھڑے 31 برس بیت گئے


اسلام آباد: ورسٹائل اداکار سلیم ناصر کو مداحوں سے بچھڑے 31 برس بیت گئے ہیں۔

15 نومبر 1944ء کو پیدا ہونے والے سلیم ناصرنے اپنی فنکارانہ زندگی کا آغاز ریڈیو پاکستان سے کیا، بعد ازاں انہوں نے ٹیلی ویژن پر کچھ ایسے انمول کردار ادا کیے جو برسوں گزرنے کے بعد بھی لوگوں کے ذہنوں پر نقش ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عہد وفا کے ’گلزار‘ کون ہیں، اداکاری میں کیسے آئے؟

انور مقصود کی تحریر کردہ ڈرامہ سیریل آنگن ٹیڑھا میں گھریلو ملازم اکبر کے کردار نے سلیم ناصر کو حقیقی معنوں میں امر کر دیا۔

سلیم ناصر نے مزاحیہ اور سنجیدہ ہر قسم کے کرداروں میں ناظرین کے دلوں پر نقش چھوڑ دیا۔ ان کے مقبول ڈراموں میں زنجیر، جانگلوس، بندش، آخری چٹان اور کیپٹن سرور شہید شامل ہیں۔

سلیم ناصر نے ڈرامہ سیریل ان کہی میں ماموں کا کردار جبکہ تاریخی ڈرامہ سیریل آخری چٹان میں سلطان جلال الدین خوارزم شاہ کا کردارجس خوبی سے نبھایا وہ ان کے بہترین اداکار ہونے کی دلیل ہے۔

انہوں نے ٹی وی ڈراموں کے علاوہ ایک فلم زیب النسا میں بھی وحید مراد اور شمیم آرا کے ہمراہ اداکاری کے جوہر دکھائے۔

یہ بھی پڑھیں: اداکاری چھوڑنے کا فیصلہ شادی کے بعد نہیں کیا، نیمل خاور

سلیم ناصر 19 اکتوبر 1989ء کو 44 برس کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے اس جہان فانی سے کوچ کرگئے۔

انہیں بعد از مرگ فنی خدمات پر صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔


متعلقہ خبریں