اسامہ ستی کے قتل کا مقدمہ درج، لواحقین کا سرینگر ہائی وے پر دھرنا ختم


اسلام آباد: پولیس کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے طالبعلم اسامہ ندیم ستی کی ہلاکت کے بعد لواحقین کی جانب سے میت کو لیکر سری نگر ہائی وے پر دیا گیا احتجاجی دھرنا ختم کردیا گیا۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد: پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق، 5 اہلکار گرفتار

ہم نیوز کے مطابق احتجاجی دھرنے کے باعث دونوں اطراف کی سڑکیں ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند ہو گئی تھی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی تھیں۔

اسلام آباد انتظامیہ  سے کامیاب  مذاکرات کے بعد لواحقین نے سری نگر ہائے پر دھرنا ختم کردیا۔ لواحقین نے اسامہ کی نماز جنازہ سری نگر ہائی وے پر ادا کردی گئی۔ سری نگرہائی وے کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔

دوسری جانب چیف کمشنر اسلام آباد  نے اسامہ ستی کی ہلاکت کی انکوائری کے لیے جوڈیشل انکوائری کا حکم دیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جوڈیشل انکوائری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ رانا وقاص کی سربراہی میں کمیٹی قائم
کمیٹی 5 دن کے اندر اپنی انکوائری رپورٹ جمع کروانے کی پابند ہوگی۔

اسلام آباد میں پولیس کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے طالبعلم اسامہ ندیم کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور پانچ پولیس اہلکاروں کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔

طالبعلم اسامہ ندیم ستی کے قتل کی درج ایف آئی آرمیں قتل اورانسداد دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

انسداد دہشت گردی اسکواڈ نے گزشتہ شب ایک گاڑی کو مشکوک سمجھ کر گولیاں برسا دی تھیں جس کے نتیجے میں انٹر کا طالبعلم اسامہ ندیم جان کی بازی ہار گیا تھا۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد: رواں سال قتل، زیادتی اور دیگر جرائم کے 2500 سے زائد واقعات رپورٹ

ہم نیوز کے مطابق گاڑی کی فرنٹ اسکرین سمیت ہر جگہ گولیاں لگی ہیں جن کی تعداد 22 ہے۔ اس ضمن میں پولیس کا یہ مؤقف بھی غلط نکلا ہے کہ انہوں نے گاڑی کے ٹائروں کو نشانہ بنایا تھا۔

آئی جی اسلام آباد عامر ذوالفقار کے مطابق انہوں نے واقع کی تحقیقات کے لیے تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ مقتول طالبعلم اسامہ ندیم کے لواحقین نے بطور احتجاج سری نگر ہائی وے پر دھرنا دے دیا ہے جس کی وجہ سے ٹریفک کی آمد و رفت دونوں جانب سے معطل ہو گئی ہے۔

ہم نیوز نے اس ضمن میں ذمہ دار ذرائع سے بتایا ہے کہ طالبعلم اسامہ ندیم ستی کا پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا ہے۔ پوسٹ مارٹم سینئر ایم ایل او ڈاکٹر فرخ کمال نے کیا ہے ۔

ذرائع کے مطابق اسامہ ندیم کو چھ گولیاں لگی ہیں جن میں سے ایک سر کے عقبی حصے میں اور ایک بائیں بازو پر لگی ہے۔ ذمہ دار ذرائع کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ اسامہ ندیم ستی کی پیٹھ پر بھی چار گولیاں لگی ہیں۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد پولیس اہلکاروں کی ایک دوسرے پر فائرنگ، ایک جاں بحق

ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں اپنی جان کی بازی ہارنے والے طالبعلم اسامہ ندیم ستی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ متعلقہ حکام کے حوالے کردی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں