35 سال پرانا گیم 10 کروڑ روپے میں نیلام

35 سال پرانا گیم 10 کروڑ روپے میں نیلام

ڈیلاس: امریکی ریاست ٹیکساس میں ملنے والا 35 سال پرانا گیم 10 کروڑ روپے میں نیلام کر دیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سپرماریو برادرز کی 35 سالہ پرانی گیم کارٹریج اب 6 لاکھ 60 ہزار ڈالر میں فروخت ہوئی جو پاکستانی تقریبا 10 کروڑ روپے بنتے ہیں۔

اسے ڈیجیٹل ویڈیو گیم کی تاریخ میں سب سے مہنگی فروخت ہونے والی گیم کہا جا سکتا ہے۔

ڈیلاس میں واقع نیلامی کمپنی کے مطابق سپرماریو برادرز کی گیم کارٹریج (کیسٹ) 1986 میں کرسمس پر تحقے کے لیے خریدی گئی تھی اور یہ دفتر کے دراز میں رکھی تھی۔ اس گیم کی مہر نہیں کھولی گئی جس سے معلوم ہوتا ہے کہ اسے استعمال ہی نہیں کیا گیا اور یہ اتنا عرصہ دراز میں ہی پڑی رہی۔

اس طرح کسی نیلامی میں پیش کیا جانے والا یہ گیم سب سے بہترین حالت میں ملا ہے۔ اس گیم کا پہلا ورژن 1986 میں نائنٹینڈو نے ریلیز کیا تھا لیکن 1987 میں اس کی پیکنگ تبدیل کردی تھی اور یہی وجہ ہے کہ 1986 کی پیکنگ والے صرف چند گیم ہی موجود ہیں جو اب نایاب ترین شمار ہوتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں زہریلے کھانے اور گیس شناخت کرنے والا قلم تیار

ہیریٹیج آکشنز سے وابستہ ماہر ویلری مِک لیکی کے مطابق اس گیم کی کاپیاں بہت کم بنائی گئی تھیں اور اب خال خال ہی ملتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ یہ سپرماریو برادرز کی یہ نایاب گیم کارٹریج ہوش ربا داموں میں فروخت ہوئی۔

واضح رہے کہ اسے قبل گزشتہ نومبر سپر ماریو برادرز تھری کا گیم کارٹریج ایک لاکھ چھپن ہزار ڈالر میں نیلام ہوا تھا۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں