ٹی 20 سیریز: پاکستان نے بنگلہ دیش کو کلین سوئیپ کر دیا


 تیسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں کلین سوئیپ کر دیا۔

قومی ٹیم نے بنگلہ دیش کی جانب سے دیا گیا 125 رنز کا ہدف بامشکل اننگز کی آخری گیند پر حاصل کیا۔

پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز بابر اور رضوان کی جوڑی نے کیا، بابراعظم ایک مرتبہ پھر بڑی باری کھیلنے میں ناکام رہے اور 19 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

اس موقع پر رضوان اور حیدر علی نے 51 رنز کی شراکت داری قائم کی، رضوان 40 رن بنا کر بولڈ ہو گئے۔

پاکستان کو اننگز کے آخری اوور میں جیت کے لیے محض 8 رنز درکار تھے جب کہ اس کی 7 وکٹیں ابھی باقی تھیں۔

بنگلہ دیش کے کپتان محمود اللہ نے خود اوور کرانے کا فیصلہ کیا جو اچھا ثابت ہوا۔

بظاہر آسان نظر آنے والا ہدف اس وقت مشکل لگنے لگا جب سرفراز اور حیدر بڑی شاٹ کھیلنے کے چکر میں اپنی وکٹیں گنوا بیٹھے۔

میچ کے اہم موڑ پر افتخار بیٹنگ کے لیے آئے جنہوں نے پہلے چھکا مارا اور اگلی گیند پر وہ بھی کیچ دے بیٹھے۔

قومی ٹیم کو ایک گیند پر دو رنز درکار تھے، اور بیٹنگ پر پہلے میچ کے ہیرو محمد نواز موجود تھے۔  محمود اللہ نے جیسے ہی گیند کرائی تو نواز نے وکٹ چھوڑ دی۔ وہ محموداللہ کے کریز سے بہت پہلے گیند کرانے کی وجہ سے دھیان قائم نہ رکھ سکے۔

بعد ازاں محمود اللہ نے آخری گیند پھینکی جو نواز نے مڈ آف کے اوپر سے چوکے کے لیے اچھال دی اور یوں پاکستان میچ جیت گیا۔

اس سے پہلے پاکستان کے خلاف تیسرے ٹی 20 میچ میں بھی بنگلا دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

ٹی 20 انٹرنیشنل میں ڈیبیو کرنے والے شاہنواز دھانی نے پہلے اوور میں ہی اپنی پہلی وکٹ حاصل کر لی، عثمان قادر نے بنگلا دیش کے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی رہ دکھائی۔

بنگلا دیش نے مقررہ اوورز میں 124 رنز بنائے اور اس کے 7 کھلاڑی آوٹ ہوئے.پاکستان کی جانب سے عثمان قادر اور محمد وسیم نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: فاسٹ بالر شاہ نواز دھانی آج بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کریں گے


متعلقہ خبریں