معاشی طور پر سنبھلتے ہیں تو پھر ڈالر اوپر چلا جاتا ہے، وزیر اعظم


لاہور: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ معاشی طور پر سنبھلتے ہیں تو پھر ڈالر اوپر چلا جاتا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے لاہور میں اسپیشل ٹیکنالوجی زون، ٹیکنا پولس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نالج پارک کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب کا اقدام قابل تحسین ہے جبکہ اسپیشل ٹیکنالوجی زون اور نالج پارک سے علاقے میں ترقی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ٹیکنالوجی میں پاکستان پیچھے رہا جبکہ پاکستان آئی ٹی انقلاب کے لیے آئیڈیل ملک ہے۔ پاکستان کے پاس توانا افرادی قوت، ٹیلنٹ اور ہنر ہے۔ ٹیک کمپنیز کورونا سے بھی متاثر ہوئیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت میں آئی ٹی ایکسپورٹ کو فروغ حاصل ہے، ہم تھوڑا سا معاشی طور پر سنبھل جاتے ہیں لیکن پھر ڈالر اوپر چلا جاتا ہے۔ ڈالر اوپر جائے تو قرض بڑھ جاتا ہے اور حکومت کوادائیگی کرنی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن سے ملکی جڑوں کو نقصان پہنچتا ہے اور معاشی کمزوریاں پیدا ہوتی ہیں۔ چین نے بہترین انداز میں معیشت کو مضبوط بنایا اور ملکی پیداوار پر زور دیا۔

یہ بھی پڑھیں: فیصل واوڈا نااہلی کیس کا فیصلہ محفوظ

عمران خان نے کہا کہ چین آج دنیا میں پیداواری سطح پر بڑا ملک ہے۔ ہمیں کاروباری افراد کے لیے آسانیاں پیدا کرنی ہوں گی جبکہ بیرون ممالک بڑے پاکستانی سرمایہ کار ملک میں سرمایہ کار ی کے خواہش مند ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں اوورسیز پاکستانیوں کے لیے کاروبار میں آسانی ہو۔ ٹیکنالوجی زونز سے ایکسپورٹس بڑھائیں گے اور روزگار کے مواقع پیدا کریں گے۔


متعلقہ خبریں