ملک بھرکی تمام ڈومیسٹک پروازوں پرکھانا ملے گا نہ اسنیکس


سول ایوی ایشن اتھارٹی نےپروازوں میں 17 جنوری سے دوران پرواز کھانے کی فراہمی پر پابندی عائد کر دی۔

کورونا سے متعلق نئی ایڈوائزری میں ملک بھر کی تمام ڈومیسٹک پروازوں پر کھانے کی فراہمی اور اسنیک پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق پابندی کا اطلاق 17جنوری 2022 سے ہوگا ، کھانے کی فراہمی پر پابندی کورونا کی نئی لہر کے پھیلاؤ کے پیش نظرعائد کی گئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس میں دوران پرواز کھانے کی فراہمی پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا تھا اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ پرواز میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائے۔

این سی او سی نے 17 جنوری کو بین الصوبائی وزرا صحت اور تعلیم کا اجلاس بھی طلب کر لیا ہے جبکہ این سی او سی نے ویکسی نیشن مہم اور اہداف کا حصول بھی تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں 4 ہزار سے زائد کورونا کیسز رپورٹ

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر اجلاس میں ملک میں بیماری کے بڑھتے پھیلاؤ کا جائزہ لیا گیا اور این سی او سی نے ضروری اقدامات کے لیے صوبوں بالخصوص سندھ حکومت کے ساتھ رابطے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کورونا کیسز میں تیزی آ گئی ہے جس سے سب سے زیادہ کراچی متاثر ہے جہاں کورونا کی شرح 35 فیصد سے بڑھ گئی ہے۔

 

 


متعلقہ خبریں