گلوکارہ آئمہ بیگ ٹیکس نادہندہ نکلیں، گاڑی ضبط کرنے کے آرڈر جاری

گلوکارہ آئمہ بیگ کے بینک اکاؤنٹس منجمد

لاہور: پاکستان کی معروف گلوکارہ آئمہ بیگ ٹیکس نادہندہ نکلیں، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ان کی کار ضبط کرنے کے وارنٹ جاری کر دیئے۔

ایف بی آر نے پاکستان کی معروف گلوکارہ آئمہ بیگ کو 8 کروڑ روپے کا ٹیکس نادہندہ قرار دے دیا۔ ٹیکس نادہندہ ہونے کی وجہ سے گلوکارہ کی گاڑی ضبط کرنے کے وارنٹ بھی جاری کر دیئے گئے ہیں۔

جاری کردہ وارنٹ میں کہا گیا ہے کہ مس آئمہ نورالعین بیگ نے سال 2018، 2019، 2020 اور 2021 کا ٹیکس ادا نہیں کیا جس سے وہ ادارے کی ڈیفالٹ لسٹ میں آ گئی ہیں۔ آئمہ بیگ کے ذمہ 8 کروڑ، 50 لاکھ، 4 ہزار 885 روپے ٹیکس کی مد میں واجب الادا ہیں۔

مزید کہا گیا ہے کہ گلوکارہ کے نادہندہ ہونے کی وجہ سے قانون کے مطابق ان کی جائیداد ضبط کر کے ٹیکس کی ادائیگی کا اختیار ایف بی آر کو حاصل ہو چکا ہے۔ لہذا ان کی گاڑی جو کہ انہوں نے 2021 کے گوشواروں میں ظاہر کی ہے اس کو فوری طور پر قبضے میں لینے کے احکامات جاری کیے جا رہے ہیں۔

ایف بی آر نے آئمہ بیگ کی گاڑی ضبط کرنے کے لیے باقاعدہ ایک افسر بھی متعین کر دیا ہے۔

خیال رہے کہ گلوکارہ آئمہ بیگ نے پی ایس ایل 7 کا ٹائٹل سانگ ریکارڈ کروا دیا ہے جو آئندہ ہفتے ریلیز ہو گا۔


متعلقہ خبریں