خلا میں بھیجا گیا راکٹ جلد چاند سے ٹکرائے گا

خلا میں بھیجا گیا راکٹ جلد چاند سے ٹکرائے گا

واشنگٹن: سات سال قبل خلا میں بھیجا گیا راکٹ 4 مارچ کو چاند سے ٹکرائے گا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی نجی خلائی ادارے اسپیس ایکس کا راکٹ فالکن نائن جو سال 2015 میں موسمیاتی سیٹلائٹ کو لانچ کرنے کی غرض سے خلا میں بھیجا گیا تھا، وہ اب 4 مارچ کو چاند سے ٹکرائے گا۔

فالکن نائن نامی راکٹ کار بنانے والی کمپنی ٹیسلا کے مالک ایلون مسک کی خلائی تجرباتی کمپنی اسپیس ایکس کی ملکیت ہے جو انسانوں کو دوسرے سیاروں تک لے جانے کے منصوبے پر کام کر رہی ہے۔

اسپیس ایکس کی ٹیم کے رکن اور ماہر فلکیات جوناتھن میکڈوول نے بتایا کہ یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہو گا کیونکہ مشن کی تکمیل کے بعد فالکن نائن راکٹ میں اتنا ایندھن نہیں بچا کہ وہ واپس زمین پر پہنچ سکے۔

پروفیسر جوناتھن میکڈوول کے مطابق یہ 4 ٹن وزنی دھات کا ایک ٹینک ہے جو 5 ہزار میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چٹان سے ٹکرائے گا جس سے ایک چھوٹا سا مصنوعی گڑھا بھی بن جائے گا۔

2015 سے زمین، چاند اور سورج کی مختلف کشش ثقل اس راکٹ کو کئی سمتوں میں اپنی طرف کھینچ چکی ہیں جس کی وجہ سے اس کا راستہ گڈمڈ ہو گیا۔

پروفیسر جوناتھن کا کہنا تھا ابھی تک تو خلا میں پھیلے ہوئے کوڑے کرکٹ سے کوئی خطرہ نہیں لیکن مستقبل میں ہوسکتا ہے۔ اگر چاند پر بستیاں قائم ہوتی ہیں تو ہمیں خلائی کوڑے کرکٹ کے بارے میں معلومات کی ضرورت ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ابھی خلا میں کچرے کی مقدار زیادہ نہیں ہے لیکن یہ مستقبل میں مسئلہ کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں