92 سالہ لتا منگیشکر نے کورونا کو شکست دے دی


بھارتی  لیجنڈری گلوکارہ لتا منگیشکر 21 دن بعد ’کورونا اور نمونیا کو شکست دینے میں کامیاب ہو گئی ہیں، تاہم تاحال وہ اسپتال کے آئی سی یو میں ہی داخل ہیں۔

لتا کے ٹھیک ہونے کی تصدیق  ریاست مہاراشٹر کے وزیر صحت نے خود کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بھارتی گلوکارہ کو وینٹی لیٹر سے بھی ہٹادیا گیا، لیکن انہیں ابھی آکسیجن دی جا رہی ہے اور وہ آئی سی یو میں ہی ہیں۔

لتا منگیشر کو رواں ماہ 8 جنوری کو ’نمونیا‘ بخار اور ’کورونا‘ کا شکار ہونے کے بعد ممبئی کے بریچ کینڈی ہسپتال داخل کرایا گیا تھا مگر اہل خانہ نے میڈیا میں 11 جنوری کو خبر دی تھی۔

لتا منگیشکرکی بھانجی نے عوام سے ان کی جلد صحت یابی اور زندگی کی دعا کرنے کی اپیل کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی گلوکارہ لتا منگیشکر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

یاد رہے بھارتی گلوکارہ کو 2019 میں بھی سانس کے مسئلے کی وجہ سے اسپتال داخل کرایا گیا تھا۔ لتا نے گزشتہ سال ستمبر میں اپنی 92 ویں سالگرہ منائی تھی۔

لتا نے انیس سو بیالیس میں اپنے والد دینا ناتھ منگیشکر کے انتقال کے بعد باقاعدہ گلوکاری شروع کردی تھی۔ دینا ناتھ کی بیٹیوں میں نہ صرف لتا نے سروں کی دنیا میں مقبولیت حاصل کی بلکہ ان کی بہن آشا بھوسلے نے بھی گلوکاری میں اہم مقام حاصل کیا.

1929 میں پیدا ہونے والی لتا کی آواز سے ان کی عمر کا ذرا بھی اندازہ نہیں لگایا جاسکتا۔ بھارتی گلوکارہ اب تک 50 ہزار سے زائد گانے گا چکی ہیں، وہ 1974ء سے 1991ء تک گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں ریکارڈ ہولڈر کے طور پر شامل رہیں

 


متعلقہ خبریں