تنقید سننے کا حوصلہ نہیں تو سیاست کرنا چھوڑ دیں، آصف زرداری

مارشل لاء لگانا اب ممکن نہیں ہے، سابق صدر آصف زرداری

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اگر کسی میں تنقید سننے کا حوصلہ نہیں تو سیاست کرنا چھوڑ دے۔

سابق صدر آصف علی زرداری، قائد حزب اختلاف شہباز شریف سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے صحافی محسن بیگ کی گرفتاری کی مذمت کی۔ اس موقع پر سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ اختلاف رائے رکھنے والوں پر طاقت کا استعمال آمرانہ ذہنیت کی عکاسی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی میں تنقید سننے کا حوصلہ نہیں ہے تو سیاست کرنا چھوڑ دے اور محسن بیگ کو جس انداز میں گرفتار کیا گیا وہ قانون سے ماورا ہے۔ حکومت ہوش کے ناخن لے اور صحافی محسن بیگ کو رہا کرے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ محسن بیگ جو کبھی عمران خان کے قریبی دوست تھے مگر گرفتاری ظاہر کرتی ہے کہ حکومت کتنی خوفزدہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیازی صاحب جمہوریت اور اخلاقیات پر لمبے لمبے خطبے دیتے ہیں لیکن معمولی تنقید بھی برداشت نہیں کر سکتے، ان کے اقتدار کے آخری 3.5 سالوں میں آزادی اظہار پر کافی حد تک کمی آئی ہے۔ یہ ملکی تاریخ کا بدترین وقت ہے۔


متعلقہ خبریں