فواد خان سے بہت کچھ سیکھا، عالیہ بھٹ


بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ عالیہ بھٹ اس وقت اپنی کئیریر کی بلندی پر ہیں، انڈسٹری ان کی اداکاری کی تعریفیں کرتی نہیں تھکتی، مگر عالیہ بھٹ کا کہنا ہے کہ انہوں نے پاکستانی اسٹار اداکار فواد خان سے بہت کچھ سیکھا۔

اپنی آنے والی فلم گنگو بائی کی تشہیر کے دوران عالیہ بھٹ کا کہنا تھا کہ انہوں نے علی ظفر سے زیادہ فواد خان کو جانتی ہیں، کیونکہ ان کے ساتھ کام کر چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بطور آرٹسٹ فواد خان سے بہت کچھ سیکھا ہے، عالیہ نے یہاں تک کہا کہ فواد خان نے بطور اداکار فنی اور ثقافتی طور پر سینما میں جو اثرات چھوڑے ہیں ان کے بارے میں اگر بات کروں تو میرے پاس الفاظ کم پڑجائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: عالیہ بھٹ کی فلم گنگو بائی کاٹھیاواڑی تنازعات کا شکار ہو گئی

عالیہ کا کہنا تھا کہ آرٹ کی کوئی سرحد نہیں ہوتی ہے، انہیں پاکستان سے بہت پیار ملا ہے اور وہ بھی پاکستانی مداحوں سے بہت پیار کرتی ہیں۔

یاد رہے عالیہ بھٹ پاکستانی اسٹار فواد خان کے ساتھ ۔۔ کپور اینڈ سنز ۔۔ میں کام کر چکی ہیں، جس میں فواد خان کی بہترین اداکاری نے سب کو حیران کر دیا تھا۔

اس وقت عالیہ بھٹ سنجے لیلا بھنسالی کی فلم’گنگو بائی کاٹھیاواڑی’ کی تشہیر مہم میں مصروف ہیں، جو 25 فروری کو سینیما میں ریلیز کی جائے گی۔


متعلقہ خبریں