لیکچرار نے حجاب اتارنے کے بجائے استعفیٰ دے دیا

لیکچرار نے حجاب اتارنے کے بجائے استعفیٰ دے دیا

نئی دہلی: بھارت میں خاتون کالج لیکچرار نے حجاب اتارنے سے انکار کرتے ہوئے استعفیٰ دے دیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست کرناٹک کے ایک کالج میں انگلش ڈیپارٹمنٹ کی خاتون لیکچرار کو حجاب اتارنے کا حکم دیا گیا جس کو ماننے سے انکار کرتے ہوئے لیکچرار نے استعفیٰ دینے کو اہمیت دی اور فوری نوکری چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔

کالج لیکچرار چاندنی نے پرنسپل کو دیئے گئے استعفیٰ میں کہا کہ حجاب اتارنے کے حکم سے میری عزت نفس مجروح ہوئی ہے اور میں حجاب پر پابندی کے غیرجمہوری اقدام کی مذمت کرتی ہوں۔

دوسری جانب جنوبی بھارت کے علاقے اڈیپی میں حجاب پر پابندی کے خلاف 10 دن سے جاری احتجاج کے بعد آج کالجز کو امتحانات کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مدینہ منورہ: خواتین کے لیے دنیا کا محفوظ ترین شہر قرار

اڈیپی کے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نے کہا کہ ضلع پرامن ہے اور کالجوں کے آس پاس کی صورتحال قابو میں ہے اور ایم جی ایم کالج میں 8 فروری کو ہونے والی جھڑپوں کے بعد مزید جوانوں کو تعینات کیا گیا ہے۔

کرناٹک کے وزیراعلی بسوا راج ایس بومئی نے طلبا سے حجاب تنازعہ پر ہائی کورٹ کے حکم پر عمل کرتے ہوئے ان سے متحد رہنے کی بھی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے امتحانات دیں۔ یہ معاملہ ہائی کورٹ میں زیر التوا ہے۔


متعلقہ خبریں