الیکشن کمیشن عام انتخابات میں جدید ٹیکنالوجی استعمال کرے گا


اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آئندہ عام انتخابات میں روایتی طریقہ کار کی نسبت جدید ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ہم نیوز کو ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ریٹرننگ افسران کو دو دو ڈیٹا انٹری آپریٹرز فراہم کیےگئے ہیں۔ ان آپریٹرز کی تربیت بھی مکمل ہو چکی ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈیٹا انٹری آپریٹرز پولنگ اسٹیشنز سے موصول انتخابی نتیجہ تیار کریں گے۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے پولنگ اسٹیشنز سے بیگ چوری ہونے کا سدباب بھی کرلیا ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے پریذائڈنگ افسران پولنگ اسٹیشنز سے ہی رزلٹ تصویر یا اسنیپ شاٹ کے زریعے ریٹرننگ افسران کو بھیجیں گے۔

ذرائع کے مطابق ریٹرننگ افسران رات دو بجے تک رزلٹ الیکشن کمیشن کو بھجوانے کے پابند ہوں گے، تاخیر کی صورت میں تحریری وجوہات بھی بتانا ہوں گی۔

ہم نیوز کو انتہائی باخبر ذرائع سے ملنے والی اطلاع کے مطابق الیکشن کمیشن نے صدر پاکستان کو بھجوائی جانے والی سمری کا ابتدائی ڈرافٹ تیار کرلیا ہے۔ سمری میں پولنگ ڈے کےلیے ایک سے زائد تاریخیں بھجوائی جائیں گی۔

صدر مملکت بھجوائی جانے والی تاریخوں میں سے کسی ایک دن کا انتخاب کریں گے جس کے بعد الیکشن کمیشن انتخابی شیڈول جاری کردے گا۔


متعلقہ خبریں