آج کی ملاقات میں”بچہ”پیدا نہیں ہوا، خورشید شاہ


اسلام آباد:  وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کے درمیان نگراں وزیراعظم کے نام پر اتفاق کرنے کےلیے ہونے والی ملاقات بے نتیجہ ختم ہوگئی۔

وزیراعظم سیکریٹر یٹ میں ہونے والی ملاقات میں نگراں وزیراعظم کے  ناموں پر غور کیا گیا۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ملاقات کے اختتام پر میڈیا کواس سوال کا جواب نہیں دے سکے کہ نگراں وزیراعظم کے لیے کس نام پر اتفاق کیا گیا ہے؟

خورشید شاہ کے مطابق ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ آج اور کل کے دن مزید ناموں کا سوچ لیتےہیں تاہم حکومت کی جانب سے ابھی تک کسی نام پر اصرار نہیں کیا گیا۔

صحافی نے سوال کیا کہ سر کیا بنا؟

خورشید شاہ نے پر مزاح  جواب دیا کہ آج کی ملاقات میں بچہ پیدا نہیں ہوا، ایک دو دن میں پھر کوشش کریں گے۔

آئین کے مطابق نگراں وزیراعظم کا فیصلہ قومی اسمبلی کے قائد ایوان (وزیراعظم) اور قائد حزب اختلاف نے اتفاق رائے سے کرنا ہوتا ہے۔ اب تک کی اطلاعات کے تحت شاہد خاقان عباسی اور سید خورشید شاہ کی جانب سے جو نام پیش کیے گئے ہیں ان پردونوں کا اتفاق نہیں ہو سکا تھا۔

مسلم لیگ (ن) نے نگراں وزیراعظم کے لیے جسٹس(ر)ناصرالملک، جسٹس(ر)تصدق حسین جیلانی اور ڈاکٹرعشرت حسین کے نام پیش کیے ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے سابق چیئرمین پی سی بی چودھری ذکا اشرف اور سابق پاکستانی سفیر برائے امریکہ جلیل عباس جیلانی کے نام تجویز کیے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف نے نگراں وزیراعظم کے منصب کے لیے سابق گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر عشرت حسین، جسٹس(ر)تصدق حسین جیلانی اور عبدالرزاق داؤد کے نام  پیش کیے ہیں۔ جماعت اسلامی نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا نام نگراں وزیراعظم کے منصب کے لیے تجویز کیا ہے۔

18 مئی کو بھی وزیراعظم کے چیمبرمیں شاہد خاقان عباسی اور سید خورشید شاہ کے درمیان نگراں وزیراعظم کےناموں پر مشاورت کی گئی تھی۔ اس ملاقات کے بعد قائد حزب اختلاف نے کہا تھا کہ منگل (22 مئی) کو ایک اور ملاقات کے بعد نگراں وزیراعظم کے نام کا اعلان کردیا جائے گا۔

 


متعلقہ خبریں