چکن سبزیاں اور دالیں بھی اب مضر صحت


اسلام آباد: کھانے پینے کی اشیاء پر جاپان کے تعاون سے کی گئی تحقیق کے مطابق چکن سبزیاں اور دالیں بھی آرسینک کی موجودگی کے سبب مضر صحت ہیں۔

کھانے پینے کی اشیا میں لیڈ اور آرسینک  کی بلند سطح انسانی صحت پر بری طرح اثر انداز ہوتی ہے اور مختلف بیماریوں کا باعث بنتی ہے۔

حالیہ تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مرغیوں کی کیمیکل ملی خوراک اور سبزیوں کی پیداوار کے لئے سیوریج کے پانی کا استعمال مختلف بیماریوں کو جنم دینے کا سبب بن رہا ہے۔ کیمیکل زدہ  فیڈ  سے تیار مرغیوں اور سیوریج کے پانی سے اگائی گئی سبزیوں میں مضر صحت لیڈ اور آرسینک کی سطح خطرناک حد تک پائی گئی ہے۔

جاپان کے تعاون سے کی گئی تحقیقی رپورٹ کے مطابق لیڈ اور آرسینک ملی اشیاء کھانے سے ماں کے پیٹ میں  پرورش  پانے والے بچے کی صحت بھی خطرے میں پڑھ جاتی ہے۔ ان دھاتوں کے باعث بچے کے دماغ کی افزائش سمیت مختلف بیماریاں اسے اپنا شکار بنا لیتی ہیں۔

ایسے ہی ایک معاملہ میں 2014 میں خون کا ٹیسٹ کرنے پرنومولود بچے میں بھی لیڈ کی موجودگی کا خطرناک انکشاف سامنے آیا تھا۔ 90 فیصد بچوں کی نشوونما بھی ان دھاتوں کے باعث متاثر ہونے کا انکشاف ہوا۔

طبی ماہرین کے مطابق مرغی کے گوشت، سبزیوں اور دالوں میں موجود آرسینک لوگوں میں جگر اور پھیپھڑوں سمیت مختلف اقسام کے سرطانوں کا سبب بن رہا ہے۔ اس کے علاوہ  کھانے کے ساتھ ساتھ پینے کی اشیاء بھی محفوظ نہیں، ماہرین کا کہنا ہے کہ دریائے سندھ  کا پانی بھی آرسینک زدہ ہوگیا ہے۔

صحت اور غذائیت سے متعلق ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر اس صورتحال کی روک تھام کے لیے فوری اقدامات نہ کیے گئے تو انسانی صحت پر اس کے نتائج سنگین ہو سکتے ہیں اور آنے والی نسل متعدد امراض کا نشانہ بن سکتی ہے۔


متعلقہ خبریں