ہم نیوز پر بشری بی بی کا انٹرویو سوشل میڈیا کا اہم موضوع

بانی پی ٹی آئی

اسلام آباد: ہم نیوز پر خاتون اول بشریٰ بی بی کا پہلا انٹرویو سوشل میڈیا پر تبصروں کا اہم موضوع بن گیا ہے۔

عمران خان کی اہلیہ کا انٹرویو ہم نیوز کے پروگرام ’ندیم ملک لائیو‘ میں گزشتہ رات نشر کیا گیا تھا۔

انٹرویو شروع ہونے کے کچھ ہی دیر میں خاتون اول بشری بی بی ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گئی تھیں۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر کسی نے ان کی گفتگو کے انداز کو سراہا تو کسی نے دوٹوک جواب پسند کیے، کچھ ایسے صارفین بھی تھے جنہوں نے ذرا چھبتے ہوئے سوالات کیے۔

ایک ٹوئٹر صارف اقصی زہرہ کا کہنا تھا کہ بشری بی بی تمام لڑکیوں کے لیے مثال ہیں، وہ پر اعتماد اور ہر معاملے پر اچھا بولتی ہیں، عمران خان بہت خوش نصیب ہیں کہ انہیں خاتون اول جیسی زوجہ ملی۔

ٹوئٹر صارف لبنیٰ نے عمران خان کی اہلیہ کے کردار کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ بشری بی بی ایک رول ماڈل ہیں کہ کیسے وہ اپنی شخصیت کی نمائش کیے بغیر معاشرے میں اپنا کردار ادا کرتے ہوئے لوگوں کی مدد کر رہی ہیں۔

عمران خان کی اہلیہ نے ہم نیوز کو دیئے گئے انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کو محض سیاستدان کے بجائے قوم کا رہنما قرار دیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان انتہائی سادہ انسان ہیں، کائنات میں انہیں کسی چیز کا لالچ نہیں۔ بشری بی بی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تبدیلی صرف عمران خان ہی لا سکتے ہیں، مگر تبدیلی آنے میں وقت لگتا ہے۔

مسز عمران خان کے منتخب وزیر اعظم کے بارے میں خیالات سن کر ٹویٹر پرعمران خان کے چاہنے والوں نے لکھا کہ خاتون اول کے انٹرویو کے بعد ان کے دلوں میں کپتان کے لیے اور عقیدت پیدا ہوگئی ہے۔

انٹرویو کے دوران اپنے حجاب اور پردے کا دفاع کرتے ہوئے وزیر اعظم کی اہلیہ نے کئی لوگوں کو متاثر کیا، بشری بی بی کا کہنا تھا کہ ’پردہ میرا انتخاب اور میرا ذاتی معاملہ ہے جس نے نہیں کرنا وہ نہ کرے‘۔ خاتون اول کے اس جواب کو لوگوں نے خوب سراہا اور بشری مانیکا کو کھلے ذہن کی عورت قرار دیا۔   

ہم نیوز پر خاتون اول کے انٹرویو میں جہاں عمران خان کی اہلیہ نے لوگوں کو متاثر کیا وہی کچھ لوگوں نے تنقیدی تبصرے بھی کیے۔

معروف فلم ڈائریکٹر اشعر عظیم گل نے بشری بی بی کی تعلیمی قابلیت پر سوال اٹھایا۔ کچھ صارفین عمران خان کے پالتو جانوروں کے حوالے سے خاتون اول کی گفتگو پر تنقید کرتے نظر آئے۔


عمران خان کی اہلیہ نے اپنے انٹرویو کے دوران واضح طور پر کہا کہ وہ عبادت میں مشغول رہتی تھیں، عمران خان کے ساتھ نے انہیں انسانوں کے کام آنا بھی سکھایا ہے۔

ہم نیوز کو دیے گئے خاتون اول کے انٹرویو اور اس کے مندرجات کو پاکستان کے تمام اخبارات اور ویب سائٹس نے بھی نمایاں کوریج دی ہے۔


متعلقہ خبریں