عوام کے لیے بشری بی بی کے انٹرویو کے اہم پیغامات


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی  کا ہم نیوز کے ساتھ انٹرویو سارا دن میڈیا کی زینت بنا رہا۔ خاتون اول کے انٹرویو اور اس کے مندرجات کو پاکستان کے تمام اخبارات اور ویب سائٹس نے بھی نمایاں کوریج دی ہے۔  

انہوں نے جہاں اپنی زندگی کے حوالے سے اب تک پوشیدہ رہنے والی باتوں سے پردہ اٹھایا وہیں عوام کو بھی اہم پیغامات دیے۔ یہ پیغامات کیا تھے، آئیے جانتے ہیں۔

انسانیت کی خدمت

سب سے سے پہلی اور اہم بات جو بشری بی بی کی گفتگو سے ہم سیکھ سکتے ہیں وہ انسانیت کا خیال رکھنا اور انسانوں کے درد کا احساس کرنا ہے۔

بشری بی بی نے ندیم ملک کو بتایا  کہ خان صاحب سے شادی سے پہلے ان کی زیادہ تر زندگی مصلے پر گزری، وہ سمجھتی تھیں کہ اللہ کی عبادت ہی سب کچھ ہے لیکن شادی کے بعد انہوں نے عمران خان سے سیکھا کہ عبادت کے ساتھ ساتھ انسانیت کی خدمت بھی اتنی ہی ضروری ہے، اس کے بغیر زندگی کا مقصد پورا نہیں ہوتا۔

حیوانات و بناتات کا درد

انٹرویو کے دوران خاتون اول نے ایک واقعہ سنایا جس میں انہوں نے بتایا کہ کس طرح انہوں نے عمران خان کے پالتو کتے موٹو کو ڈانٹنے کے بعد اس بے زبان جانور کی نم آنکھیں دیکھیں اور اس کے درد کو محسوس کیا۔

ایک اور واقعہ میں انہوں نے بتایا کہ عمران خان بارش کی کمی کی وجہ سے اپنے گھر کے آس پاس سوکھنے والے پودوں کی وجہ سے پریشان تھے اور اللہ سے بارش کی دعا کر رہے تھے۔۔

ان دو واقعات سے یہ سبق ملتا ہے کہ ہمارے ماحول میں صرف انسان ہی نہیں بلکہ حیوانات اور نباتات بھی زندہ ہیں، وہ بھی ہم انسانوں کی طرح  سانس لیتے ہیں اور درد محسوس کرتے ہیں۔

حجاب اور پردہ کا دفاع

انٹرویو کے دوران اپنے حجاب اور پردے کا دفاع کرتے ہوئے وزیراعظم کی اہلیہ نے کئی لوگوں کو متاثر کیا، بشری بی بی کا کہنا تھا کہ پردہ میرا انتخاب اور  ذاتی معاملہ ہے جس نے نہیں کرنا وہ نہ کرے۔ خاتون اول کے اس جواب کو لوگوں نے خوب سراہا اور بشری مانیکا کو کھلے ذہن کی عورت قرار دیا۔  

سوشل میڈیا صارفین نے عمران خان کی اہلیہ کے کردار کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ بشری بی بی ایک رول ماڈل ہیں۔  وہ اپنی شخصیت کی نمائش کیے بغیر معاشرے میں اپنا کردار ادا کرتے ہوئے لوگوں کی مدد کر رہی ہیں۔

 


متعلقہ خبریں