4 افواہیں جن کی بشری بی بی نے تردید کی!


خاتون اول بشریٰ بی بی کا ہم نیوز کو انٹرویو گذشتہ شب سے سوشل میڈیا پر موضوع بحث بنا ہوا ہے۔ اس انٹرویو کو عوام کی ایک بڑی تعداد نے دیکھا اور ابھی تک اس پر گفتگو ہو رہی ہے۔

ہم نیوز کو دیے گئے اس انٹرویومیں انہوں نے بہت سی ایسی افواہوں کو دفن کر دیا جو میڈیا کے مختلف حلقوں میں ان کے بارے میں گردش کر رہی تھیں۔

آئیے دیکھتے ہیں کہ بشری بی بی کے خلاف کون کون سی افواہیں گرم رہیں اور انہوں نے ان کا کیا جواب دیا۔

عدت کے دوران نکاح

عمران خان کی بشری بی بی سے شادی کی خبر پھیلی تو سب سے پہلی افواہ جو سامنے آئی وہ یہ تھی کہ عدت کی مدت پوری ہونے سے پہلے دونوں نے نکاح کیا تھا۔ اپنے انٹرویو میں خاتون اول نے اس خبر کی سختی سے تردید کی اور بتایا کہ ’ہمارا نکاح عدت کے سات ماہ بعد ہوا تھا۔’

موٹو (خان کا کتا)

بشری بی بی کے حوالے سے یہ بات بہت مشہور ہوئی کہ انہوں نے شادی کے بعد بنی گالہ شفٹ پوتے ہی خان کے پالتو کتے موٹو سے نجات حاصل کی اور اسے گھر سے دور کہیں منتقل کر دیا۔

بشری بی بی نے اس افواہ کو بھی یکسر غلط قرار دیتے ہوئے بتایا کہ شیرو ان کی شادی سے پہلے ہی مر چکا تھا، شادی کے وقت خان کے پاس موجود کتے کا نام موٹو تھا۔ انہوں نے بتایا کہ خان صاحب موٹو سے بہت پیار کرتے ہیں اور بشری بی بی خود اس کی دیکھ بھال کرتی ہیں۔

مقدس خواب

خاتون اول سے یہ بات بھی منسوب کی جاتی ہے کہ انہیں خواب میں نبی کریمﷺ کی زیارت ہوئی اور انہی کے حکم پر بشری بی بی نے خان صاحب سے شادی کی۔  ندیم ملک نے جب اس حوالے سے سوال کیا تو انہوں نے بتایا کہ ایسا کچھ بھی نہیں ہوا تھا اور اس ضمن میں تمام افواہیں غلط ہیں۔

سوشل میڈیا اکاؤنٹس

ندیم ملک نے جب ان سے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے حوالے سے پوچھا تو انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ وہ نہ ہی سوشل میڈیا استعمال کرتی ہیں اور نہ ہی ان کا کوئی اکاؤنٹ موجود ہے۔


متعلقہ خبریں