وزیراعظم نے ’پاکستان سٹیزن پورٹل‘ کا افتتاح کردیا



اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ’پاکستان سٹیزن پورٹل‘ کا افتتاح کردیا ہے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس نظام سے سرکاری اہلکاروں پر بہتر کارکردگی کے لیے دباؤ بڑھے گا۔

انہوں نے کہا کہ شکایتی پورٹل پر سمندرپار پاکستانی بھی رابطہ کرسکیں گے، اس سے پالیسی سازی میں بھی آسانی ہوگی۔

عمران خان نے بتایا کہ یہ نظام تمام صوبائی سیکرٹریز سے منسلک ہوگا جس میں عوام اپنی شکایات درج کرواسکیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ اس پورٹل کا ڈیٹا ہر ماہ جاری کیا جائے گا جبکہ اس کو نادرا سے منسلک کیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس نظام کے تحت صوبوں میں جو ہورہا ہے اس کا پتہ چل جائے گا تاہم صوبوں کے معاملات میں براہ راست مداخلت نہیں کریں گے۔

سعودی عرب سے بیل آؤٹ پیکج سے متعلق ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ہمیں جو پیسہ ملا ہے اس پر کوئی شرائط نہیں، ابھی اور خوشخبریاں بھی ملیں گی۔

عمران خان نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے ملک کو قرضوں میں ڈبو دیا، آپ کے ملک میں اتنی صلاحیت ہے کہ آپ کے وزیراعظم کو باہر جاکر قرضہ نہیں مانگنا پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کے باعث سرمایہ کار پاکستان کا رخ نہیں کرتے، کرپشن ملک کی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

پاکستان سٹیزن پورٹل کیا ہے؟

اس پورٹل کی بدولت پاکستانی عوام براہ راست اپنی شکایات و تجاویز وزیر اعظم آفس کو بھجواسکیں گے۔

متعلقہ محکموں سے عوامی شکایات کا ازالہ کرانے اور قابل عمل تجاویز پر غور کے عمل کی نگرانی وزیر اعظم آفس سے کی جائے گی۔

پاکستان سیٹیزن پورٹل کی بدولت لوگ اپنے موبائل فونز میں مخصوص اپلیکیشن کے ذریعے حکومتی اداروں تک اپنی آواز پہنچا سکیں گے۔

پاکستان سیٹیزن پورٹل کے قیام کے لیے جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں