ٹرمپ کی عراقی وزیراعظم علی الزیدی کی حمایت، کرد علاقوں میں تیل اور سرحدوں کا کنٹرول بغداد کے حوالے کرنے کی کوششیں تیز
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عراق کے وزیراعظم علی الزیدی کی جانب سے ملک بھر میں مرکزی حکومت کا اختیار مستحکم کرنے، تیل کی اسمگلنگ روکنے، بدعنوانی کے خاتمے اور تمام مسلح گروہوں کو ریاستی کنٹرول میں لانے کی کوششوں کی حمایت کر دی ہے۔
ٹرمپ کی حمایت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب عراقی حکومت نے نیم خودمختار کردستان ریجن میں تیل کے ذخائر، سرحدی گزرگاہوں اور دیگر اہم تنصیبات کا انتظام وفاقی حکومت کے حوالے کرنے کے لیے اقدامات شروع کر رکھے ہیں۔
ان اقدامات کے باعث بغداد اور کرد قیادت کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی ہے جب کہ ایران نواز مسلح تنظیم ’کتائب حزب اللہ‘ کے ساتھ بھی حکومت کا تنازع شدت اختیار کر گیا ہے۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر کہا کہ امریکا عراقی وزیراعظم کی ان کوششوں کی حمایت کرتا ہے جن کا مقصد پورے عراق میں ریاستی اختیار قائم کرنا، تیل کی اسمگلنگ روکنا، بدعنوانی ختم کرنا اور تمام ہتھیاروں کو صرف ریاست کے کنٹرول میں لانا ہے۔
یہ پیش رفت محض تیل کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائی نہیں بلکہ عراق میں وفاقی حکومت، کردستان کی علاقائی انتظامیہ اور ایران سے قریبی تعلق رکھنے والے مسلح گروہوں کے درمیان اختیارات کی ایک بڑی کشمکش کا حصہ ہے۔
عراق میں اصل تنازع کیا ہے؟
عراق میں 2003 میں امریکی قیادت میں فوجی کارروائی کے نتیجے میں صدام حسین کی حکومت کے خاتمے کے بعد ملک کا سیاسی اور انتظامی ڈھانچہ تبدیل ہوا۔ اس کے بعد فرقہ وارانہ کشیدگی، سیاسی عدم استحکام اور داعش کے خلاف جنگ نے مرکزی حکومت کی عمل داری کو کئی علاقوں میں کمزور کیا۔
اسی دوران کردستان ریجن نے اپنی الگ علاقائی حکومت، پارلیمنٹ، سکیورٹی فورسز اور انتظامی ڈھانچہ برقرار رکھا، عراق کے آئین 2005 کے تحت کردستان کو وفاقی عراق کے اندر ایک تسلیم شدہ خودمختار خطے کی حیثیت حاصل ہے۔
تاہم بغداد اور اربیل کے درمیان کئی اہم معاملات پر طویل عرصے سے اختلافات موجود ہیں، جن میں تیل کی پیداوار اور فروخت، آمدنی کی تقسیم، بجٹ، متنازع علاقوں اور سرحدی گزرگاہوں کا انتظام شامل ہیں۔
تیل اس تنازع کا سب سے اہم پہلو ہے کیونکہ عراق کی معیشت اور سرکاری آمدنی کا بڑا حصہ تیل کی برآمدات پر منحصر ہے۔
تیل کی آمدنی پر بغداد اور کردستان کا تنازع
عراق کی مرکزی حکومت کا مؤقف ہے کہ ملک سے خام تیل کی سرکاری برآمدات وفاقی آئل مارکیٹنگ کمپنی SOMO کے ذریعے ہونی چاہئیں تاکہ فروخت سے حاصل ہونے والی رقم قومی خزانے میں جمع ہو اور تمام عراقی شہریوں کے مفاد میں استعمال کی جا سکے۔
دوسری جانب کردستان کی علاقائی حکومت طویل عرصے سے اپنے علاقے کے تیل کی پیداوار اور برآمدات پر زیادہ انتظامی اختیار چاہتی رہی ہے۔
یہ تنازع اس وقت مزید سنگین ہوا جب عراق کے وزیراعظم علی الزیدی نے حکم دیا کہ کردستان ریجن کے زیر انتظام بعض تیل کے ذخائر اور سرحدی گزرگاہوں کا انتظام وفاقی حکومت سنبھالے۔
عراقی حکومت کے ترجمان حیدر العبودی نے دعویٰ کیا ہے کہ 2008 سے 2025 کے دوران کردستان کے راستے تیل کی اسمگلنگ کے باعث عراق کو تقریباً 100 ارب ڈالر کا نقصان ہوا تاہم حکومت نے اس تخمینے کے حساب کتاب کی تفصیلات واضح نہیں کیں اور اس رقم کی آزادانہ تصدیق بھی نہیں ہوئی۔
عراق کے وزیر تیل باسم محمد نے بھی واضح کیا ہے کہ کردستان اور بصرہ کے تیل کے ذخائر تمام عراقی عوام کی مشترکہ ملکیت ہیں اور ان کا انتظام قومی مفاد کے مطابق ہونا چاہیے۔














