مواد پر جائیں

واشنگٹن ڈی سی کے ہوائی اڈے پر 2 امریکی طیارے ٹکرا گئے

ٹیکسی کرتے ہوئے دونوں بوئنگ 737 طیاروں کے پر ٹکرائے، طیارے معائنے کیلئے گراؤنڈ کر دیئے گئے

شائع

فوٹو، بی بی سی
فوٹو، بی بی سی

واشنگٹن ڈی سی کے رونالڈ ریگن واشنگٹن نیشنل ایئرپورٹ پر ٹیک آف کے لیے ٹیکسی کرتے ہوئے امریکی ایئرلائن کے دو طیارے آپس میں ٹکرا گئے۔

واضح رہے کہ یہ وہی ہوائی اڈہ ہے جہاں جنوری 2025 میں طیارے اور فوجی ہیلی کاپٹر کے تصادم میں 67 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

خبررساں ادارے بی بی سی کے مطابق امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کا کہنا ہے کہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق شام 5 بج کر10 منٹ پر پیش آیا، جب ایک طیارے کا پر دوسرے طیارے کے پر سے ٹکرا گیا۔

ایف اے اے نے بتایا کہ امریکن ایئرلائن کی پرواز 638 ٹیکسی کرتے ہوئے پرواز 2152 کے پر سے ٹکرا گئی۔ دونوں طیارے بوئنگ 737-800 تھے۔

امریکن ایئرلائن کے مطابق دونوں طیاروں کے پروں کے آخری سرے آپس میں ٹکرائے، جس کے بعد دونوں طیاروں کو واپس گیٹ پر لایا گیا اور معائنے کے لیے سروس سے ہٹا دیا گیا۔

ایئرٹریفک کنٹرولرز کی آڈیوریکارڈنگ میں بھی سنا جا سکتا ہے کہ دو بوئنگ طیاروں کے پرٹکرانے کے بعد کنٹرولرزنے ہنگامی امدادی ٹیم اورفائراہلکاروں کو طلب کیا اورطیاروں کو گیٹ پرواپس جانے کی ہدایت کی۔

پرواز 2152 کے ایک مسافرنے بی بی سی کو بتایا کہ شکاگو جانے والی پرواز ٹیکسی کررہی تھی کہ اسے طیارے کے دائیں جانب زوردار جھٹکا محسوس ہوا۔

کیبن میں مسافروں کی چیخیں سنائی دیں تاہم کوئی زخمی نہیں ہوا، کھڑکی سے باہر دیکھنے پر اسے طیارے کے پر کا ٹوٹا ہوا ٹکڑا زمین پر پڑا دکھائی دیا، جبکہ دوسرے طیارے کا پر ان کے طیارے کے پر کے اوپر چڑھا ہوا تھا۔

پرواز 638 ڈلاس فورٹ ورتھ جا رہی تھی، ایئرلائن کے مطابق متاثرہ مسافروں کو جلد ازجلد ان کی منزلوں تک پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔