کینیڈین سپریم کورٹ کا کیوبک میں حجاب سمیت مذہبی علامات پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ
کینیڈا کی سپریم کورٹ نے صوبہ کیوبک میں سرکاری ملازمین کے حجاب، پگڑی اور دیگر مذہبی علامات پہننے پر پابندی کا قانون برقرار رکھنے کا فیصلہ سنا دیا ہے جس کے بعد مذہبی عقائد کے تحت حجاب پہننے والی متعدد مسلمان خواتین کے لیے تدریس سمیت سرکاری ملازمتیں جاری رکھنا مشکل ہو گیا ہے۔
کینیڈا کو دنیا کے کثیرالثقافتی معاشروں میں شمار کیا جاتا ہے جہاں مختلف مذاہب اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے حقوق اور آزادیوں کے تحفظ پر زور دیا جاتا ہے تاہم کیوبک میں حجاب سمیت مذہبی علامات پر پابندی برقرار رکھنے کے فیصلے نے ملک میں مذہبی آزادی اور اقلیتوں کے حقوق سے متعلق نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق کینیڈا کی سپریم کورٹ نے کیوبک کے بل 21 کو برقرار رکھتے ہوئے قرار دیا ہے کہ یہ قانون آزاد اور جمہوری معاشرے میں ریاستی سیکولرازم یقینی بنانے کے صوبے کے تاریخی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ عدالت نے قانون کو عدالتی چیلنجز سے بچانے کے لیے استعمال کی گئی خصوصی آئینی شق کو بھی جائز قرار دیا۔
تاہم عدالت نے قانون کی ایک شق کو کیوبک کی قومی اسمبلی کے ارکان کے حقوق کے منافی قرار دیا ہے۔ اس شق کے تحت ایسے منتخب ارکان کو اسمبلی کی کارروائی میں شرکت سے روکا جا سکتا تھا جن کے مذہبی عقائد کے تحت چہرہ ڈھانپنا ضروری ہے۔
عدالت نے واضح کیا کہ خصوصی آئینی شق کے استعمال کے باوجود وہ کسی قانون کو بنیادی حقوق سے متصادم قرار دے سکتی ہے، تاہم اس مقدمے میں اس نے ایسا کوئی فیصلہ نہیں دیا۔ عدالت کے مطابق بل 21 سے کیوبک کی انگریزی بولنے والی اقلیت کے تعلیمی حقوق کی خلاف ورزی بھی ثابت نہیں ہوتی۔
کینیڈین سپریم کورٹ کے فیصلے پر انسانی حقوق اور خواتین کے آئینی حقوق پر کام کرنے والی ماہرین نے بھی فیصلے پر تشویش ظاہر کی ہے۔
نیشنل کونسل آف کینیڈین مسلمز کے سربراہ اسٹیفن براؤن نے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قانون کے باعث متعدد مسلمان خواتین نے بطور استاد کام کرنا چھوڑ دیا جبکہ بعض خواتین اپنے بچوں کے اسکولوں میں رضاکارانہ خدمات بھی انجام نہیں دے سکتیں۔ ان کے مطابق یہ فیصلہ کینیڈا کی ہر حکومت کو شہریوں کی بنیادی آزادیوں اور قانونی حقوق ختم کرنے کی کھلی چھوٹ دینے کے مترادف ہے۔
یونیورسٹی آف واٹرلو کے شعبہ سیاسیات کے سربراہ ایمیٹ میک فارلین نے اس قانون کو ریاستی پالیسی کے طور پر اسلاموفوبیا قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ محض حجاب پہننے والی استاد کو ریاست کی نمائندگی کرنے والا سمجھنا سیکولرازم کے تصور سے مطابقت نہیں رکھتا۔
یونیورسٹی آف نیو برنزوک کی ایسوسی ایٹ پروفیسر کیری فروک نے فیصلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے صوبائی حکومتوں کے غیر معمولی آئینی اختیارات محدود کرنے سے گریز کرکے ایک تشویش ناک مثال قائم کی ہے۔ ان کے مطابق عدالت نے یہ پیغام دیا ہے کہ ایسے معاملات میں کمزور اقلیتوں کے حقوق متاثر ہونے کے باوجود مداخلت نہیں کی جائے گی اور اب اس معاملے کو سیاسی سطح پر اٹھانے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔
کیری فروک کے مطابق اس فیصلے کے اثرات صرف کیوبک تک محدود نہیں رہیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ البرٹا، اونٹاریو اور سسکیچیوان بھی حالیہ برسوں میں اسی آئینی شق کا استعمال کرتے ہوئے ٹرانس جینڈر پالیسیوں اور ہڑتالیں ختم کرانے سے متعلق قوانین منظور کر چکے ہیں۔
واضح رہے کہ کیوبک کینیڈا کا واحد صوبہ ہے جہاں فرانسیسی زبان بولنے والے شہریوں کی اکثریت ہے۔ صوبے میں فرانسیسی زبان کی بالادستی یقینی بنانے کے لیے متعدد قوانین موجود ہیں۔ وزیراعظم مارک کارنی بھی بارہا کہہ چکے ہیں کہ کیوبک کی ثقافت کا تحفظ کینیڈا کی خودمختاری کا معاملہ ہے۔
کیوبک کا مذہبی علامات پر پابندی کا قانون فرانس میں رائج ریاستی سیکولرازم کی روایت سے مطابقت رکھتا ہے تاہم وہاں کے قوانین کے مقابلے میں کیوبک کی پابندیاں محدود ہیں۔ یونیورسٹی آف لاوال کے آئینی قانون کے پروفیسر پیٹرک ٹیلون کے مطابق کینیڈا کے دیگر حصوں میں مذہبی عقائد کے اظہار کو زیادہ قبول کیا جاتا ہے جبکہ کیوبک میں اس حوالے سے بداعتمادی پائی جاتی ہے کیونکہ مذہب کا اظہار ماضی میں سیاسی اداروں پر مذہب کے گہرے اثر و رسوخ کی یاد دلاتا ہے۔
’کیوبک حکومت کی فتح‘
کیوبک کی سیاسی جماعت کولیشن ایونیر کیوبیک کے عبوری سربراہ میتھیو لیوسک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر فیصلے کو کیوبک قوم اور اپنی جماعت کی فتح قرار دیا ہے۔
کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی نے کہا ہے کہ ان کی حکومت سپریم کورٹ کی خودمختاری کا احترام کرتی ہے اور فیصلے کا جائزہ لے رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کینیڈا مختلف ثقافتوں کا مجموعہ ہے اور ملک اس وقت زیادہ مضبوط ہوتا ہے جب ہر شخص کو اپنی شناخت کے ساتھ آگے بڑھنے اور ترقی کرنے کا موقع ملتا ہے۔
مارک کارنی نے واضح کیا کہ ان کی حکومت ایسی آئینی شق استعمال نہیں کرے گی جس کے ذریعے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کی اجازت ملتی ہو۔ ان کے مطابق اقلیتوں اور تنوع کا تحفظ حکومت اور تمام قانون سازوں کی ذمہ داری ہے۔
یاد رہے کہ کیوبک کی سابق حکومت نے 2019 میں بل 21 منظور کیا تھا جس کا مقصد صوبے کے سیکولر معاشرے کا تحفظ بتایا گیا تھا۔ اس قانون کے تحت اساتذہ، پولیس اہلکاروں اور دیگر مخصوص سرکاری عہدوں پر کام کرنے والے ملازمین کو دوران ملازمت نمایاں مذہبی علامات پہننے سے روک دیا گیا تھا۔ ان میں حجاب، پگڑی، یہودی مذہبی ٹوپی اور صلیب شامل ہیں۔ قانون کے حامیوں کا مؤقف تھا کہ سرکاری خدمات حاصل کرنے والے شہریوں کو سرکاری ملازمین کی جانب سے نمایاں مذہبی علامات کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔
قانون کی منظوری کے بعد کیوبک حکومت نے کینیڈا کے چارٹر آف رائٹس اینڈ فریڈمز میں موجود ایک غیر معمولی شق کا استعمال کرتے ہوئے اسے بنیادی حقوق سے متعلق عدالتی چیلنجز سے تحفظ دیا تھا۔ یہ شق صوبائی اور وفاقی حکومتوں کو بعض بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کے باوجود قانون نافذ رکھنے کی اجازت دیتی ہے تاہم اس تحفظ کی مدت پانچ سال ہے اور اسے دوبارہ منظور کیا جا سکتا ہے۔ کیوبک نے 2024 میں بھی اس شق کی تجدید کی تھی۔
کینیڈین سول لبرٹیز ایسوسی ایشن نے اس قانون کو بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس کا غیر متناسب اثر مسلمان خواتین پر پڑتا ہے۔ بعض ماہرین تعلیم نے بھی سوال اٹھایا تھا کہ آیا یہ قانون حقیقتاً ریاستی سیکولرازم کے فروغ میں مدد دیتا ہے یا نہیں۔
سپریم کورٹ کے 7 رکنی بینچ نے رواں سال 23 سے 26 مارچ تک اس قانون کے خلاف اپیلوں پر 4 روزہ سماعت کی تھی۔ اس مقدمے میں 51 فریقوں نے مداخلت کی جن میں 6 صوبائی اٹارنی جنرل بھی شامل تھے۔ یہ سپریم کورٹ کی تاریخ کی طویل ترین سماعتوں میں سے ایک تھی۔
فیصلے سے قبل کیوبک کے وزیراعلیٰ پال سینٹ پیئر پلامونڈن نے قانون کی کسی بھی شق کو کالعدم قرار دینے کی مخالفت کی تھی۔ ان کی حکومت ایک دوسرے قانونی تنازع کا بھی سامنا کر رہی تھی جس میں کیوبک کی ایک عدالت نے 2022 کے اس قانون کو معطل کر دیا تھا جس کے تحت کینیڈا کے سربراہ مملکت شاہ چارلس سوم سے وفاداری کا حلف اختیاری قرار دیا گیا تھا۔
اوٹاوا یونیورسٹی کے آئینی قانون کے ماہر ایرول مینڈس کے مطابق سپریم کورٹ کا فیصلہ حتمی ہونے کے باوجود کیوبک حکومت اسی مقصد کے لیے نیا قانون منظور کرنے کی کوشش کر سکتی ہے۔
رائٹرز کے مطابق کیوبک کی آزادی کی حمایت اس وقت تاریخی طور پر کم سطح پر ہے تاہم بعض ماہرین کا خیال ہے کہ اگر عدالت صوبے کے قانون کے خلاف فیصلہ دیتی تو علیحدگی پسند حلقوں کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آ سکتا تھا۔ میک گل یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ فار دی اسٹڈی آف کینیڈا کے سربراہ ڈینیئل بیلینڈ نے کہا تھا کہ قانون کے کسی حصے کو کالعدم قرار دینے کی صورت میں علیحدگی پسند اسے کیوبک کے معاملات میں وفاقی عدالتی مداخلت قرار دے سکتے تھے۔
یہ عدالتی فیصلہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب وزیراعظم مارک کارنی کینیڈا کے قومی اتحاد کو مضبوط بنانے کی کوشش کر رہے ہیں اور دوسری جانب کینیڈا کو امریکا کے ساتھ تجارتی جنگ اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کینیڈا کو امریکا میں ضم کرنے کی دھمکیوں کا بھی سامنا ہے۔
مذہبی آزادی اور حجاب کے معاملے پر بحث صرف کینیڈا تک محدود نہیں ہے ۔ دنیا کے بعض دوسرے ممالک میں بھی مسلمان خواتین اور طالبات کو مذہبی لباس پہننے کے حوالے سے قانونی پابندیوں اور مشکلات کا سامنا رہا ہے۔ فرانس اور بھارت میں اس حوالے سے سامنے آنے والے تنازعات میں سر فہرست ہیں۔
فرانسیسی کونسل آف اسٹیٹ کے مطابق ملک میں 2004 کے قانون کے تحت سرکاری اسکولوں میں حجاب، یہودی مذہبی ٹوپی اور سکھوں کی پگڑی سمیت نمایاں مذہبی علامات پہننے پر پابندی ہے۔ 2023 میں فرانسیسی حکومت نے سرکاری اسکولوں میں عبایا پہننے پر بھی پابندی عائد کر دی تھی جسے ملک کی اعلیٰ انتظامی عدالت نے قانونی قرار دیا۔ انسانی حقوق اور مسلم تنظیموں نے ان پابندیوں کو مسلمان خواتین اور لڑکیوں کی مذہبی آزادی کے لیے نقصان دہ قرار دیا ہے۔
دوسری جانب بھارتی اخبار ’دی انڈین ایکسپریس‘ کے مطابق 2022 میں ریاست کرناٹک کی حکومت نے تعلیمی اداروں میں حجاب پہننے پر پابندی عائد کی تھی جس کے خلاف مسلمان طالبات نے احتجاج کیا۔ کرناٹک ہائی کورٹ نے پابندی برقرار رکھی تاہم اسی سال سپریم کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے اس معاملے پر مختلف فیصلے دیے اور مقدمہ بڑے بینچ کے لیے بھیج دیا۔ بعد ازاں مئی 2026 میں کرناٹک حکومت نے سابقہ پابندی کا حکم واپس لے لیا اور طالبات کو یونیفارم کے ساتھ محدود مذہبی علامات پہننے کی اجازت دے دی۔














