مواد پر جائیں

پاکستانی ڈراما، سوشل میڈیا پر ہنگامہ اور بنگلورو میں تقریبات منسوخ، معاملہ کیا ہے؟

ان پروگراموں کے انعقاد کے لیے پیشگی اجازت حاصل نہیں کی گئی تھی، بھارتی پولیس

شائع

بنگلورو پولیس حکام پاکستانی ڈرامے کی اسکریننگ کی تقریب کی منسوخی کے حوالے سے میڈیا سے بات کرتے ہوئے: فوٹو ایکس
بنگلورو پولیس حکام پاکستانی ڈرامے کی اسکریننگ کی تقریب کی منسوخی کے حوالے سے میڈیا سے بات کرتے ہوئے: فوٹو ایکس

بھارت کے شہر بنگلورو کی پولیس نے مقبول پاکستانی ڈرامے ’درِ نجات‘ کے لیے مداحوں کی جانب سے منعقد کی جانے والی دو خصوصی تقریبات رکوا دی ہیں۔ ان تقریبات میں پاکستانی ڈرامے کی اسکریننگ، مداحوں کی ملاقات اور پاکستانی ملبوسات پہننے کا اہتمام کیا جانا تھا۔

بنگلورو کے علاقے شیش کباب فریزر ٹاؤن میں 28 نومبر کو پاکستانی ڈرامے کی پہلی اسکریننگ کا اہتمام کیا گیا تھا۔ جس کے لیے فی کس انٹری فیس دو ہزار بھارتی روپے مقرر کی گئی تھی۔ تقریب میں ڈرامے کی خصوصی اسکریننگ کے ساتھ فارسی اور عربی کھانوں پر مشتمل عشائیے کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔

اسی طرح ڈرامے کی دوسری تقریب 5 دسمبر کو مووی پرائیویٹ تھیٹر بنگلورو میں ہونا تھی، جس کے لیے ریگولر اور وی آئی پی نشستوں کی بکنگ جاری تھی۔ تقریب کی خاص بات منتظمین کی جانب سے شرکا کے لیے پاکستانی ملبوسات پہننے کا ڈریس کوڈ مقرر کرنا تھا۔

تاہم ان تقریبات کے اشتہارات سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد بھارت میں ایک نئی بحث چھڑ گئی۔ بعض بھارتی صارفین نے پاکستانی ڈراموں کی تشہیر، پاکستانی فن کاروں اور کرداروں کی مقبولیت اور تقریبات میں پاکستانی لباس پہننے کی ترغیب پر اعتراضات اٹھائے اور پولیس سے مداخلت کا مطالبہ کیا۔

انڈیا نیوز کے مطابق معاملہ بڑھنے پر بنگلورو پولیس بھی حرکت میں آگئی۔ پولیس کمشنر آر ہتھیندرا نے کہا کہ حکام تقریبات کے منتظمین سے رابطہ کرکے تفصیلات حاصل کر رہے ہیں، پولیس کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا کہ ان پروگراموں کے انعقاد کے لیے پیشگی اجازت حاصل نہیں کی گئی تھی۔

بعد ازاں پلکیشی نگر پولیس نے سوشل میڈیا پر وضاحت کی کہ دونوں تقریبات منسوخ کر دی گئی ہیں، پہلی تقریب کے مقام کی انتظامیہ اور دوسری تقریب کے منتظمین نے بھی پروگرام منسوخ ہونے کی تصدیق کردی۔

اس سے قبل پاکستانی ڈرامے کو دکھانے کی ایک تقریب 22 نومبر کو نئی دہلی کے ایک ریسٹورنٹ میں منعقد ہوئی تھی جس میں ڈرامے کے ہدایت کار ثاقب خان نے بھی آن لائن شرکت کی تھی۔ اس موقع پر فینر نے ان سے سوالات کیے اور ڈرامے کی کہانی، کرداروں اور اس کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی۔

پاکستانی ڈرامے کی کہانی کیا ہے؟

پاکستانی ڈراما ’درِ نجات‘ اپنی جذباتی اور رومانوی کہانی کے باعث ناظرین کی توجہ حاصل کر رہا ہے، ڈرامے میں شہریار منور اور درِ فشاں سلیم مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس ڈرامے کی کہانی زریاب نامی لڑکی کے گرد گھومتی ہے جو اپنے بچپن کے دوست زامل سے محبت کرتی ہے۔

زریاب کو ہارورڈ یونیورسٹی میں داخلہ ملتا ہے لیکن وہ اپنے رشتے کی خاطر اس موقع کو چھوڑنے پر بھی غور کرتی ہے۔ تاہم زامل اسے چھوڑ کر کسی دوسری خاتون سے شادی کر لیتا ہے۔

اس صدمے کے بعد زریاب کی زندگی میں ابوبکر نامی شخص داخل ہوتا ہے، ڈرامے میں ابوبکر کا کردار بھی خاص اہمیت رکھتا ہے۔ کہانی میں مذہبی اقدار، محبت، رشتوں اور سماجی رویوں کو موضوع بنایا گیا ہے۔

بھارت میں پاکستانی ڈرامے کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے حکومت کے حامی سمجھے جانے والے ٹی وی چینلز نے پاکستانی کونٹینٹ کے خلاف پروگرامز بھی کیے ہیں۔

دوسری جانب آل انڈیا سینی ورکرز ایسوسی ایشن نے وزیرِ اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر مطالبہ کیا بھی کیا ہے کہ پاکستانی کونٹینٹ کو بھارت میں ریلیز سے روکا جائے۔