50 کلومیٹر سے زائد فاصلے پر اسکول ٹرپس، ٹورز پر مکمل پابندی عائد
پنجاب حکومت نے طلبہ کی حفاظت کے پیش نظر صوبے بھر کے سرکاری اور نجی اسکولوں کے 50 کلومیٹر سے زیادہ فاصلے پر ہونے والے ٹرپس، ٹورز اور تفریحی دوروں پر فوری طور پر پابندی عائد کردی ہے جس کا اطلاق تمام اسکولوں پر ہوگا۔
پنجاب کے محکمہ اسکول ایجوکیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پابندی فوری طور پر نافذ العمل ہوگی اور آئندہ احکامات تک برقرار رہے گی۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن کے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اسکولوں کے تفریحی دوروں اور ٹورز کے دوران گاڑیوں کے حادثات کی تعداد میں تشویش ناک اضافہ دیکھا گیا ہے جس کے باعث طلبہ کی حفاظت اور فلاح و بہبود متاثر ہو رہی ہے۔
مراسلے کے مطابق طلبہ کی حفاظت اسکولوں کی جانب سے منعقد کی جانے والی سرگرمیوں میں اولین ترجیح ہے اس لیے فوری طور پر احتیاطی اور ضابطہ جاتی اقدامات کی ضرورت ہے۔
اسی تناظر میں مجاز اتھارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ اسکول کی حدود سے 50 کلومیٹر سے زیادہ فاصلے پر ہونے والے تمام اسکول ٹرپس، ٹورز اور تفریحی دوروں پر مکمل پابندی عائد کی جائے۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن نے پنجاب بھر کے تمام چیف ایگزیکٹو آفیسرز (ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز) کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ اضلاع میں اس پابندی پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تمام سرکاری اور نجی اسکولوں کے سربراہان اور پرنسپلز تک یہ ہدایات پہنچائی جائیں تاکہ پابندی پر مکمل عمل کیا جاسکے۔
واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے اسکولوں کے تفریحی دوروں پر پابندی کا فیصلہ ایسے وقت میں کیا ہے جب حالیہ مہینوں کے دوران مری میں اسکول ٹرانسپورٹ کے دو حادثات پیش آ چکے ہیں۔
رواں ماہ 10 نومبر کو گوجرانوالہ کے اسکول کے طلبہ کو تفریحی دورے سے واپس لانے والی بس مری کے قریب الٹنے سے ڈرائیور ہلاک اور 9 طلبہ زخمی ہوگئے تھے۔
رواں سال ہی 29 ستمبر کو مری میں اسکول وین میں آگ لگنے سے 10 بچے زخمی ہوئے تھے۔
ان واقعات کے بعد محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب نے تعلیمی دوروں کے لیے حفاظتی ضوابط سخت کیے تھے، جن میں گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ، ضلعی انتظامیہ سے پیشگی اجازت، والدین کی تحریری رضامندی اور طلبہ کے ساتھ اساتذہ کی موجودگی لازمی قرار دی گئی تھی۔














