مواد پر جائیں

امریکا سے تنازع: عباس عراقچی نے پاکستان اور قطر کی تجاویز پر ایران کا مؤقف واضح کر دیا

ایران کے کچھ مطالبات ہیں جنہیں پورا کرنا ضروری ہے اور اس کے بعد ہی آبنائے ہرمز کو کھولا جا سکتا ہے، عباس عراقچی

شائع

فائل فوٹو: رائٹرز
فائل فوٹو: رائٹرز

ایران نے امریکا کے ساتھ تنازع کے سفارتی حل کے لیے پاکستان اور قطر کی جانب سے پیش کردہ تجاویز کا جائزہ لینے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکرات کا طریقہ کار سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کی نگرانی میں طے کیا جا رہا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان جاری جنگ اور آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کی بندش کے باعث خطے میں کشیدگی برقرار ہے جبکہ دونوں ملکوں کے درمیان جنگ بندی اور مستقل معاہدے کے لیے سفارتی کوششیں بھی جاری ہیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق عباس عراقچی نے اپنے ٹیلی گرام چینل پر جاری ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ مختلف تجاویز سامنے آئی ہیں اور ان کے ذریعے آگے بڑھنے کے راستے کھل سکتے ہیں، ان تجاویز کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاہم ایران کا بنیادی مؤقف تبدیل نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ایران کے کچھ مطالبات ہیں جنہیں پورا کرنا ضروری ہے اور اس کے بعد ہی آبنائے ہرمز کو کھولا جا سکتا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ مذاکرات کا عمل ترک نہیں کیا گیا اور سفارتی کوششیں جاری ہیں تاہم اس وقت ایران کی بنیادی توجہ اپنی مزاحمت مضبوط بنانے پر ہے تاکہ ملک پر دباؤ اور پابندیوں کا مقابلہ کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی سفارتکار تجارتی راستے کھلے رکھنے اور ملک کی اندرونی ضروریات پوری کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کا محاصرہ ممکن نہیں اور مخالفین اسے گھیرنے میں کامیاب نہیں ہو سکتے۔

عباس عراقچی نے کہا کہ مذاکرات کے طریقہ کار کا فیصلہ سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کی نگرانی میں کیا جا رہا ہے۔ تاہم انہوں نے پاکستان اور قطر کی جانب سے پیش کردہ تجاویز کی تفصیلات یا ان پر کسی حتمی فیصلے سے آگاہ نہیں کیا۔

ایرانی وزیر خارجہ کے ان بیانات کو سی جی ٹی این یورپ نے بھی رپورٹ کیا۔ عراقچی کا کہنا تھا کہ مذاکرات کو نہ تو بھلایا گیا ہے اور نہ ہی ترک کیا گیا ہے بلکہ ان پر کام جاری ہے۔

کویت میں ڈرون حملہ، 2 اطالوی شہری ہلاک

دوسری جانب کویت میں جمعرات کو ایک ڈرون حملے میں 2 اطالوی شہری ہلاک ہو گئے۔ اطالوی وزیر خارجہ انتونیو تاجانی نے پارلیمان کے ایوان بالا کو بتایا کہ دونوں افراد جرمن دفاعی کمپنی رائن میٹل کے اطالوی یونٹ کے لیے کام کرنے والے ٹیکنیشن تھے۔

تاجانی کے مطابق دونوں افراد کویت میں فضائی دفاع کے ایک نگرانی مرکز پر موجود تھے جسے ایرانی ڈرونز نے نشانہ بنایا۔ انہوں نے بتایا کہ حملے کے نتیجے میں 2 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں ایک پاکستانی شہری اور کویتی فوج کا ایک افسر شامل تھا۔

کویت کی وزارت دفاع نے بھی 2 اطالوی شہریوں کی ہلاکت اورحملے کے نتیجے میں ہونے والے مالی نقصان کی تصدیق کی ہے۔

رائٹرز کے مطابق ایران نے اس حملے میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔ ایرانی مسلح افواج کے ترجمان ابوالفضل شکارچی نے ایرانی سرکاری میڈیا کو بتایا کہ ایرانی افواج نے خطے میں کوئی جارحانہ یا فوجی کارروائی نہیں کی۔

ایران کے روم میں سفارت خانے نے بھی سوشل میڈیا پر حملے میں ایرانی کردار کے الزامات کو مسترد کر دیا۔
رائٹرز کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی حملے میں ایران کے ملوث ہونے کی تردید کرتے ہوئے کویت کے ساتھ مشترکہ تحقیقات کی پیشکش کی تاکہ ڈرون حملے کی اصل وجہ اور اس کے ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے۔

امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی کی کوششیں

یاد رہے کہ پاکستان اور قطر اس سے پہلے بھی امریکا اور ایران کے درمیان سفارتی رابطوں میں اہم کردار ادا کر چکے ہیں۔ دونوں ملکوں کی کوششوں کے نتیجے میں جون میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر اتفاق ہوا تھا جس کا مقصد جنگ بندی اور دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات کے لیے لائحہ عمل تیار کرنا تھا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے 18 جون کو اعلان کیا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر الیکٹرانک دستخط کیے ہیں جبکہ پاکستان نے اس عمل میں ثالث کا کردار ادا کیا۔
اس مفاہمت کے تحت 60 روزہ جنگ بندی، آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور 60 روز کے اندر مستقل معاہدے تک پہنچنے کے لیے مذاکرات کا لائحہ عمل طے کیا گیا تھا۔ مجوزہ معاہدے میں ایران کے جوہری پروگرام اور اس پر عائد پابندیوں جیسے معاملات بھی شامل تھے۔

اس مفاہمت پر عمل درآمد کے لیے پاکستان اور قطر نے 21 اور 22 جون کو سوئٹزرلینڈ کے شہر برجن اسٹاک میں اعلیٰ سطح کا پہلا اجلاس بھی منعقد کیا تھا جس میں امریکا اور ایران کے نمائندوں نے شرکت کی۔
پاکستان اور قطر کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیے کے مطابق اجلاس میں ثالثی کے عمل کی نگرانی کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ جوہری معاملات، پابندیوں اور معاہدے پر عمل درآمد کی نگرانی کے لیے مذاکراتی گروپس بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں 60 روز کے اندر حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لیے روڈ میپ تیار کرنے اور آبنائے ہرمز سے تجارتی جہازوں کی محفوظ آمدورفت یقینی بنانے کے لیے دونوں ملکوں کے درمیان رابطے کا نظام قائم کرنے پر بھی اتفاق ہوا تھا۔ اس کے ساتھ لبنان میں فوجی کارروائیوں کے خاتمے سے متعلق معاملات کے لیے ایک علیحدہ رابطہ نظام بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا تھا۔

بعد ازاں 2 جولائی کو پاکستانی اور قطری ثالثوں نے دوحہ میں امریکی اور ایرانی مذاکرات کاروں سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ پاکستان کی وزارت خارجہ نے ان ملاقاتوں کے بعد جاری بیان میں کہا تھا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے مختلف پہلوؤں پر مثبت پیش رفت ہوئی ہے اور فریقین نے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
تاہم ابتدائی مفاہمت مستقل امن معاہدے میں تبدیل نہ ہو سکی اور واشنگٹن و تہران کے درمیان اختلافات برقرار رہنے کے باعث دوبارہ فوجی کارروائیاں شروع ہو گئیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق حالیہ سفارتی رابطوں کے سلسلے میں 20 نومبر کو قطر کا ایک وفد تہران پہنچا تھا۔ ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے رائٹرز کو بتایا تھا کہ ایران قطر سمیت ثالث ممالک سے براہ راست اور آن لائن رابطے میں ہے اور یہ جائزہ لیا جا رہا ہے کہ سفارت کاری کو ایک اور موقع دیا جا سکتا ہے۔

26 نومبر کو پاکستانی نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور عباس عراقچی کے درمیان بھی ٹیلی فون پر رابطہ ہوا۔ پاکستان کی وزارت خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورت حال، امن و سلامتی اور اقتصادی تعاون تنظیم کے تحت تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر عراقچی نے پاکستان کو تہران میں 3 اور 4 دسمبر کو ہونے والے اقتصادی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔