مواد پر جائیں

جیل میں مجھے ’ ہراساں‘کیا گیا مگر اس سلوک نے میرے عزم کومزید مضبوط کیا، مریم نواز

میرے والد میرا بہت خیال رکھتے ہیں لیکن مجھے اُن کے آگے ہاتھ نہیں پھیلانا پڑتا، ویمن یونیورسٹی ملتان کے آٹھویں کانووکیشن سے خطاب

شائع اپ ڈیٹ

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دعویٰ کیا ہے کہ جیل میں قید کے دوران انہیں ’ہراساں‘ کیا گیا مگر اس سلوک نے میرے عزم کومزید مضبوط کیا۔

مریم نواز 2مرتبہ جیل میں قید رہیں، پہلی مرتبہ 13 جولائی 2018 کو ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا سنائے جانے کے بعد لندن سے پاکستان واپسی پر انہیں لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا اور اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا تاہم 19 ستمبر 2018 کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے ان کی سزا معطل کرتے ہوئے ضمانت پر رہائی کا حکم دیا اور 29 ستمبر 2022 کو انہیں باعزت بری کردیا۔

دوسری مرتبہ 8 اگست 2019 کو نیب نے چوہدری شوگر ملز کیس میں انہیں کوٹ لکھپت جیل کے باہر سے گرفتار کیا بعد ازاں لاہور ہائیکورٹ نے 4 نومبر 2019 کو ضمانت منظور کی اور وہ 6 نومبر 2019 کو جیل سے رہا ہوگئیں۔

مریم نواز نے ویمن یونیورسٹی ملتان کے آٹھویں کانووکیشن سے خطاب میں دوران قید پیش آنے والی مشکلات کا ذکر کیا اور کہا وہ جیل کا ماضی یاد نہیں کرنا چاہتی جہاں مجھے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ جیل میں مجھے ہراساں کیا گیا مگر اس سلوک نے میرے عزم کومزید مضبوط کیا۔

انہوں نے دسمبر میں ملتان کے طلبہ کواسکوٹیز دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے بہت کچھ کرناچاہتی ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی لڑکیاں تعلیمی شعبے میں بہت آگے ہیں جہاں کی خوش حالی کیلئے مختلف منصوبوں پرکام جاری ہے۔ تعلیمی میدان میں جنوبی پنجاب کی بیٹیوں کی کارکردگی قابل فخر ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ خواتین گھرکےساتھ ملک اورصوبہ بھی چلاسکتی ہے۔انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ذہنوں کوکھلا رکھیں اورخود کوکمترنہ سمجھیں، 3سال قبل کوئی سوچ نہیں سکتا تھا کہ پنجاب کوخاتون چلائےگی۔

مریم نواز نے کہا کہ خواتین کی معاشی خود مختاری ہی حقیقی بااختیاری کی مضبوط بنیاد ہے۔آج پنجاب کی ترقی اورخدمات کے معترف صرف صوبے نہیں باہرکی دنیا بھی ہے۔ میں ہرچیزتبدیل نہیں کرسکتی البتہ قابلیت اورمیرٹ کی بنیاد پرتعیناتی کرسکتی ہوں۔میرٹ میری ترجیح ہے اور سفارش پرسرخ لکیرکھینچتی ہوں۔میں نے اعلیٰ سطح پرسفارش،جنس اورتعصب کا خاتمہ کردیا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میں اپنا ’بزنس‘ خود کرتی ہوں۔میرے والد میرا بہت خیال رکھتے ہیں لیکن مجھے اُن کے آگے ہاتھ نہیں پھیلانا پڑتا۔