وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا پاکستانی خلا باز ذیشان علی سے رابطہ
وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے چین کے خلائی اسٹیشن پر موجود پاکستانی خلا باز ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی سے ویڈیو کال پر رابطہ کیا ہے۔
چینی میڈیا کے مطابق دونوں رہنماؤں نے آج (بروز ہفتہ) ذیشان علی سے رابطہ کیا جو شین ژو 24 مشن کے تحت ان دنوں چین کے خلائی اسٹیشن تیان گونگ میں موجود ہیں۔ یہ رابطہ ان کے خلا میں پہنچنے کے 3 روز بعد ہوا تاہم اس گفتگو کی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں۔
ذیشان علی خلا میں جانے والے پہلے پاکستانی ہونے کے ساتھ چین کے خلائی اسٹیشن پر پہنچنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بھی بن گئے ہیں۔
پاکستانی خلا باز کا تاریخی خلائی مشن
محمد ذیشان علی 25 نومبر کو چین کے شمال مغربی علاقے میں واقع جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے شین ژو 24 مشن پر روانہ ہوئے تھے۔ خلائی جہاز پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بج کر 18 منٹ پر روانہ ہوا۔ ان کے ساتھ چین کے 2 خلا باز تانگ ہونگ بو اور وو یی بھی مشن کا حصہ ہیں۔ خلائی جہاز تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر پہنچا جہاں تینوں خلا باز پہلے سے موجود عملے میں شامل ہوگئے۔
40 سالہ محمد ذیشان علی پاکستان ایئر فورس کے فائٹر پائلٹ ہیں۔ انہوں نے چین میں کئی ماہ تک خصوصی تربیت حاصل کی جس میں ہنگامی حالات سے نمٹنے، بقا کی مشقوں اور خلا کے ماحول سے ہم آہنگ ہونے کی تربیت شامل تھی۔
روانگی سے پہلے ذیشان علی نے کہا تھا کہ وہ 25 کروڑ پاکستانیوں کی امیدیں اپنے ساتھ لے کر جا رہے ہیں۔ انہوں نے اس مشن کو ایک تاریخی موقع قرار دیا تھا۔ اس مشن کے دوران وہ پاکستان اور چین کے مشترکہ خلائی پروگرام کے تحت سائنسی تجربات میں بھی حصہ لیں گے۔
پاکستان اور چین کا خلائی تعاون
پاکستان اور چین نے فروری 2025 میں خلا بازوں کے شعبے میں تعاون کا معاہدہ کیا تھا۔ اسی معاہدے کے تحت پاکستانی خلا بازوں کے انتخاب اور انہیں چین کے خلائی اسٹیشن پر بھیجنے کے عمل میں پیشرفت ہوئی۔
محمد ذیشان علی اور پاک فضائیہ کے ایک اور پائلٹ خرم داؤد کو بیجنگ میں چین کے خلائی تحقیق اور تربیتی مرکز میں خصوصی تربیت کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔
مشن کی روانگی کے بعد صدر آصف علی زرداری اور چینی صدر شی جن پنگ نے ایک دوسرے کو مبارک باد دی تھی جبکہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت نے بھی اس کامیابی کو سراہا تھا۔
جمعرات کو وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ سے ملاقات میں چینی قیادت اور عوام کو اس کامیابی پر مبارک باد پیش کی تھی۔
پاکستان کی عسکری قیادت نے اس مشن کو سائنسی اور تکنیکی ترقی کی جانب اہم سنگ میل قرار دیا اور کہا کہ اس سے پاکستان اور چین کی دوستی زمین کی سرحدوں سے نکل کر خلا تک پہنچ گئی ہے۔














