سی ڈی اے نے مولانا فضل الرحمان کی اسلام آباد رہائش گاہ سیل کردی
کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی اسلام آباد میں رہائش گاہ کو سیل کرنے کا حکم دیا ہے۔ یہ حکم مبینہ طور پر ملکیت کے ضوابط کی خلاف ورزی پر جائیداد کے مالک امان اللہ کے نام منتقلی منسوخ کیے جانے کے بعد جاری کیا گیا۔
اسلام آباد کے سیکٹر جی 6/4 میں واقع رہائش گاہ کو متعلقہ مجسٹریٹ نے سیل کر دیا، جس سے قبل مولانا فضل الرحمان کے اہل خانہ کو گھر خالی کرنے کے لیے 30 منٹ دیے گئے تھے۔
ذرائع کے مطابق گھر سیل کیے جانے سے پہلے ہی اہل خانہ وہاں سے جا چکے تھے۔
گزشتہ روز 27 نومبر کے سی ڈی اے کے حکم نامے کے مطابق سرکاری اداروں کی جانب سے جائیداد کے رجسٹرڈ مالک کی شہریت اور شناختی دستاویزات پر تحفظات سامنے آنے کے بعد 12 سو مربع گز کے رہائشی پلاٹ کی ملکیت کی تبدیلی اور منتقلی فوری طور پر منسوخ کر دی گئی۔
سی ڈی اے نے گھر کی الاٹمنٹ کیوں منسوخ کی؟
سی ڈی اے نے مولانا فضل الرحمان کا سیکٹر جی سکس میں واقع مکان سیل کر کے مکان کے مالک امان اللہ کے نام پلاٹ کی الاٹمنٹ بھی منسوخ کردی ہے۔
اس حوالے سے سی ڈی اے کے شعبہ اسٹیٹ مینجمنٹ ون نے حکم نامہ جاری کیا ہے جس کے مطابق اسلام آباد کے سیکٹر جی سکس فور، گلی نمبر 83 میں مکان نمبر 7 کا رقبہ 1200 مربع گز ہے اور یہ مکان امان اللہ ولد محمد یونس کے نام تبدیلی ملکیت کے ذریعے منتقل کیا گیا تھا۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ مکان کے مالک کی شہریت اور شناختی دستاویزات سے متعلق معاملہ مختلف سرکاری اداروں کی جانب سے سی ڈی اے کے نوٹس میں لایا گیا۔ ان اداروں میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، غیر قانونی غیر ملکیوں کی وطن واپسی کے پروگرام کے مجسٹریٹ اور فوکل پرسن جبکہ نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) شامل ہیں۔
سی ڈی اے کے مطابق ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد نے 25 نومبر 2026 کے خط میں اسپیشل برانچ کی 22 نومبر کی رپورٹ اور نادرا کی تصدیق کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ امان اللہ کو غیر ملکی شہری قرار دیا گیا ہے اور ان کا پاکستانی قومی شناختی کارڈ منسوخ کردیا گیا ہے۔

حکم نامے کے مطابق غیر قانونی غیر ملکیوں کی وطن واپسی کے پروگرام کے مجسٹریٹ اور فوکل پرسن نے بھی 25 نومبر کو خط کے ذریعے امان اللہ کا پاکستانی شناختی کارڈ منسوخ ہونے کی تصدیق کی اور اسلام آباد میں ان کی مبینہ طور پر حاصل کردہ غیر منقولہ جائیدادوں کے حوالے سے مناسب قانونی کارروائی شروع کرنے کی درخواست کی۔
سی ڈی اے نے مزید بتایا کہ نادرا نے 25 نومبر کے مراسلے میں شناختی ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے بعد امان اللہ کے شناختی کارڈ کے اجرا سے متعلق بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی۔ نادرا کے مطابق ان کا شناختی کارڈ ابتدا میں والدین کے شناختی کارڈز کی بنیاد پر جاری کیا گیا تھا تاہم خاندانی ریکارڈ میں ان کے مرحوم والد محمد یونس کے دو شناختی کارڈز موجود ہونے سمیت دیگر تضادات سامنے آئے۔

مولانا فضل الرحمان اور حکومت کے درمیان کشیدگی میں اضافہ
جمعیت علمائے اسلام (ف) نے ہفتے کو دعویٰ کیا کہ پارٹی سربراہ مولانا فضل الرحمان کی اسلام آباد میں رہائش گاہ سیل کیے جانے کے بعد ان کے بیٹے مولانا اسجد محمود کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ایکس پر جاری بیان میں جے یو آئی (ف) کے ترجمان اسلم غوری نے الزام عائد کیا کہ انتظامیہ نے گھر سیل کرنے سے پہلے اہل خانہ کو زبردستی گھر خالی کرایا۔ انہوں نے اس اقدام کو حکومت کی سیاسی انتقامی کارروائی قرار دیا۔
اسلم غوری نے کہا کہ ظلم و جبر میں شہباز شریف کی حکومت نے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مطابق مولانا فضل الرحمان نے کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اشتعال میں نہ آئیں اور صبر و تحمل سے جبر کا مقابلہ کریں۔
ترجمان نے جے یو آئی کے کارکنوں سے کہا ہے کہ وہ پارٹی قیادت کی ہدایات کا انتظار کریں۔
اس سے قبل اسلم غوری نے ایکس پر ایک بیان میں کہا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کی اسلام آباد میں رہائش گاہ کا پولیس کی جانب سے گھیراؤ اور گھر میں موجود خواتین و بچوں کو ہراساں کرنے کی اطلاعات انتہائی تشویشناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اہل خانہ کو آدھے گھنٹے میں گھر خالی کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔
اسلم غوری کے مطابق جے یو آئی نے غیر ملکی مہمانوں کی آمد کے احترام میں راولپنڈی اور اسلام آباد میں احتجاج مؤخر کیا تھا لیکن حکومت نے اس تحمل کا جواب اشتعال انگیزی سے دیا۔ انہوں نے سوال کیا کہ حکومت امن کے بجائے تصادم پر کیوں تلی ہوئی ہے اور حکمران کس کے اشارے پر حالات خراب کر رہے ہیں۔
ترجمان جے یو آئی نے حکومت سے فوری طور پر رہائش گاہ کا گھیراؤ ختم کرنے اور خواتین و بچوں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا کہ بصورت دیگر تمام تر حالات کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔
یاد رہے کہ 19 نومبر کو جے یو آئی نے دعویٰ کیا تھا کہ حکومت نے مولانا فضل الرحمان اور ان کے صاحبزادے مولانا اسعد محمود کی سیکیورٹی واپس لے لی ہے۔ ترجمان اسلم غوری نے کہا تھا کہ مولانا فضل الرحمان اور مولانا اسعد محمود پر درجنوں خودکش حملے ہوچکے ہیں اور قائد جمعیت کو کسی قسم کا نقصان پہنچا تو وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی ذمہ دار ہوں گے۔
24 نومبر کو مولانا فضل الرحمان نے لاہور میں اپنی رہائش گاہ کے باہر رکاوٹوں کے باعث لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے اجتماع میں براہ راست شرکت نہیں کی تھی۔ انہوں نے ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ وہ ریاستی حصار میں ہیں اور لاہور کے راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں۔
25 نومبر کو لاہور ہائیکورٹ نے مولانا فضل الرحمان کی مبینہ نظر بندی کے خلاف درخواست پر سی سی پی او لاہور کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا تھا۔ اگلے روز لاہور پولیس نے عدالت میں جواب جمع کرایا کہ مولانا فضل الرحمان کو گرفتار نہیں کیا گیا اور نہ ہی وہ پولیس کو مطلوب ہیں۔
26 نومبر کو سرگودھا میں جے یو آئی کی تحفظ آئین پاکستان کانفرنس کی راہ میں رکاوٹوں اور کارکنوں کی گرفتاریوں کے خلاف مولانا فضل الرحمان نے ملک گیر احتجاج کی کال دی تھی۔ انہوں نے کارکنوں سے شاہراہیں اور موٹرویز بند کرنے کی اپیل کی تھی جس کے بعد مختلف شہروں میں احتجاج اور سڑکوں کی بندش کے واقعات پیش آئے۔
گزشتہ روز جے یو آئی کے مرکزی میڈیا سیل نے مولانا فضل الرحمان کی گرفتاری کا دعویٰ کرتے ہوئے مولانا خواجہ خلیل احمد کو قائم مقام مرکزی امیر مقرر کرنے کا اعلان بھی کیا تھا تاہم لاہور پولیس نے ان کی گرفتاری کی تردید کی تھی۔














