مواد پر جائیں

فیکٹ چیک :کیا روسی صدر نے واقعی پاکستان کو دھمکی دی ؟ وائرل ویڈیو کی حقیقت سامنے آگئی

سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیلنے والی صدر ولادیمیر پوتن کی ویڈیو کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں،روسی سفارتخانے کا ایکس پر بیان

شائع

پاکستان میں قائم روسی سفارتخانے نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی صدر ولادیمیر پوتن(vladimir putin) کی مبینہ دھمکی آمیز ویڈیو کو مکمل طور پر جعلی قرار دے دیا۔

جمعرات کو ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں روسی سفارتخانے کا کہنا تھا کہ ’’سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیلنے والی صدر ولادیمیر پوتن کی ویڈیو کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔‘‘

بیان کے مطابق، مذکورہ ویڈیو دراصل 23 اکتوبر 2025 کو رشین جیوگرافیکل سوسائٹی بورڈ آف ٹرسٹیز کی میٹنگ کے بعد صدر پوتن کی میڈیا سے گفتگو کا ایک حصہ ہے، تاہم اپنی اصل گفتگو میں انہوں نے نہ پاکستان کا ذکر کیا اور نہ ہی افغانستان کا۔

روسی سفارتخانے نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو کو ایڈیٹ کیا گیا ہے، جس میں روسی صدر کی گفتگو کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ہے۔ ویڈیو میں ایک خاتون کی آواز میں ترجمہ شامل کیا گیا ہے جبکہ اردو سب ٹائٹلز کے ذریعے ایک جھوٹا تاثر پھیلایا گیا کہ پوتن نے پاکستان کو افغانستان کے معاملے پر دھمکی دی ہے۔

فیکٹ چیک: سلمان خان کا نام پاکستانی فورتھ شیڈول میں شامل ہونے کا دعویٰ جھوٹا قرار

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’ماسکو پاک افغان اختلافات کے سیاسی اور سفارتی حل کی حمایت کرتا ہے، اور دونوں ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات برقرار رکھنا چاہتا ہے۔‘‘

روسی حکام کے مطابق، ’’روس انسدادِ دہشت گردی اور علاقائی سلامتی کے معاملات پر پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعمیری مکالمے کی بحالی کا حامی ہے۔‘‘

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں یہ دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ صدر ولادیمیر پوتن نے افغانستان کی صورتحال پر پاکستان کو سخت الفاظ میں تنبیہ کی ہے۔