مواد پر جائیں

جہازوں پر حملوں کے دوران آبنائے ہرمز میں تیراکی: برطانوی تیراک نے یہ رسک کیوں لیا؟

آبنائے ہرمز صرف جہاز رانی کا اہم راستہ نہیں بلکہ دنیا کے حسین ترین قدرتی مقامات میں سے ایک بھی ہے، لیوس پگ

شائع اپ ڈیٹ

فوٹو، یاہو
فوٹو، یاہو

طویل فاصلے تک تیراکی کرنے والے معروف برطانوی تیراک لیوس پگ نے آبنائے ہرمز میں تیر کر 15 کلومیٹر کا سفر مکمل کیا اور دنیا کی توجہ سمندری آلودگی اور جنگ کے تباہ کن نقصانات کی جانب مبذول کرانے کی کوشش کی۔

یاد رہے کہ رواں سال فروری میں امریکا اور اسرائیل کے مشترکہ حملوں کے بعد پاسدارانِ انقلاب نے مارچ میں آبنائے ہرمز بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ یہ پابندی امریکا، اسرائیل، یورپ اور ان کے مغربی اتحادیوں کے جہازوں کے لیے ہے۔ تاہم بعد میں امریکا کی جانب سے ایران کی بحری ناکہ بندی کی وجہ سے یہ گزرگاہ تقریباً مکمل بند ہو گئی۔

ایرانی حکام کے مطابق یہ راستہ اس وقت تک بند رہے گا جب تک ان کے مطالبات اور شرائط پوری نہیں ہوتیں اور امریکی ناکہ بندی ختم نہیں کی جاتی۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 56 سالہ لیوس پگ نے گزشتہ ہفتے عمان کے ساحلی علاقے کے قریب آبنائے ہرمز کے مختلف حصوں میں تیراکی کی۔ وہ اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام کے تحت سمندروں کے تحفظ کے لیے خصوصی سفیر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔

لیوس پگ نے اپنی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا کہ تیل بردار جہازوں، گیس بردار جہازوں اور دیگر تجارتی بحری جہازوں کو روزانہ حملوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے جس کے نتیجے میں جنگ کے ماحولیاتی اثرات کئی نسلوں تک برقرار رہیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ پیر کے روز جب وہ سمندر میں تیراکی کے لیے اترے تو محض آدھا گھنٹہ گزرا تھا کہ چند کلومیٹر کے فاصلے پر ایک آئل ٹینکر کو نشانہ بنایا گیا۔ ان کی تیراکی کے دوران دیگر حملے بھی ہوئے، جن کے نتیجے میں بعض بحری جہازوں میں آگ لگ گئی۔

برطانوی تیراک نے عمان کے جزیرہ نما مسندم سے سفر شروع کیا اور کیپ آف ہرمز کے ایک حصے کا چکر لگاتے ہوئے مجموعی طور پر 15 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔

آبنائے ہرمز اپنے تنگ ترین مقام پر تقریباً 39 کلومیٹر چوڑی ہے، جس کے ایک جانب ایران اور دوسری جانب عمان واقع ہے یہ عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم سمندری گزرگاہ ہے۔

لیوس پگ کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز محض جہاز رانی کا اہم راستہ نہیں بلکہ دنیا کے خوبصورت ترین قدرتی مقامات میں سے ایک ہے۔ یہاں ڈولفن، سمندری کچھوے اور ڈوگونگ سمیت مختلف آبی حیات پائی جاتی ہیں، جنہیں جنگ اور سمندری آلودگی سے شدید خطرات لاحق ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کا پیغام بالکل واضح ہے کہ لڑائی بند کی جائے، آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولا جائے اور سمندر میں پھیلنے والی آلودگی کو صاف کیا جائے۔