مواد پر جائیں

پنجاب میں بورڈ کا امتحان لینے اور مارکنگ کیلئے ڈیجیٹل سسٹم متعارف

نئے سسٹم میں طلبہ بدستور اپنے جوابات کاغذ پر ہی لکھیں گے تاہم چیکنگ اور مارکنگ کے لیے جوابی کاپیوں کو اسکین کرکے ڈیجیٹل شکل میں ممتحن کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

شائع

نئے سسٹم کے تحت جعلسازی سے اصل امیدوار کی جگہ کوئی دوسرا شخص امتحان میں نہیں بیٹھ سکے گا۔ (فائل فوٹو: رائٹرز)
نئے سسٹم کے تحت جعلسازی سے اصل امیدوار کی جگہ کوئی دوسرا شخص امتحان میں نہیں بیٹھ سکے گا۔ (فائل فوٹو: رائٹرز)

پنجاب حکومت نے تعلیمی بورڈز کے امتحانات میں آن اسکرین مارکنگ (او ایس ایم) کا ڈیجیٹل سسٹم متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت طالبعلم، پیپرز لینے والے نگران، اور پیپرز چیک کرنے والے ممتحن کی شناخت چہرے کی شناخت کے جدید سسٹم سے کی جائے گی۔

صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے ایکس پر اس سسٹم کے عملی مظاہرے کی ویڈیو شیئر کی جس کے تحت طلبہ کی جوابی کاپیاں اسکین کرکے آن لائن چیک کی جائیں گی۔ وزیر کے مطابق کہ اس اقدام کا مقصد پنجاب کے امتحانی سسٹم کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔

نئے سسٹم کے تحت طلبہ کی جوابی کاپیاں جدید اسکینرز کے ذریعے ڈیجیٹل شکل میں تبدیل کی جائیں گی جس کے بعد ممتحن انہیں آن لائن ڈیش بورڈ پر دیکھ کر چیک کر سکیں گے۔

بہاولپور بورڈ کے سسٹم کے عملی مظاہرے میں جوابی کاپیوں کے ایک مجموعے کو تیز رفتار اسکینر میں ڈالا گیا جس کے بعد ان کے صفحات فوری طور پر ڈیش بورڈ پر ظاہر ہوگئے۔

پیپرز چیک کرنے سے پہلے ممتحن کو چہرے کی شناخت کے ذریعے اپنی شناخت کی تصدیق کرنا ہوگی تاکہ صرف رجسٹرڈ ممتحن ہی پرچے چیک کر سکے۔

سسٹم میں ایک وقت میں صرف ایک ہی چہرے کی شناخت ہونے پر رسائی دی جائے گی جبکہ کیمرے کے سامنے بیک وقت 2 چہرے آنے کی صورت میں سسٹم لاک ہوجائے گا۔

ڈیش بورڈ پر پیپرز کی چیکنگ کی پیش رفت بھی حقیقی وقت میں دیکھی جاسکے گی جبکہ ممتحن کی جانب سے نمبروں کی جانچ کے ساتھ مصنوعی ذہانت سے معاونت حاصل کرنے کا فیچر بھی شامل کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ اس سسٹم کے تحت پیپرز دینے والے طالبعلموں کی شناخت بھی چہرے کی شناخت کے جدید سسٹم کے ذریعے کی جائیگی تاکہ متعلقہ اسٹوڈنٹ کی جگہ کوئی اور امتحان میں نہ بیٹھ سکے۔

صوبائی وزیر نے اس سسٹم کا بھی عملی مظاہرہ کر کے دکھایا جس میں ایک اسٹوڈنٹ کی رول نمبر سلپ میں اس کی تصویر تبدیل کر کے کسی اور شخص کی تصویر چسپاں کی گئی تھی۔ جب رول نمبر سلپ پر موجود کیو آر کوڈ کو اسکین کیا گیا تو اس نے متعلقہ اسٹوڈنٹ کی اصل تصویر دکھاتے ہوئے رول نمبر سلپ میں رد و بدل کی نشاندہی کر دی۔

یہ پیش رفت پنجاب کے تعلیمی بورڈز کی جانب سے امتحانی سسٹم میں اصلاحات کے سلسلے کا حصہ ہے۔ رواں ماہ صوبے کے 9 تعلیمی بورڈز کے سربراہان نے آئندہ سال سائنس کے 4 مضامین کے امتحانات ای شیٹس پر لینے کا فیصلہ کیا تھا۔

نئے سسٹم میں طلبہ بدستور اپنے جوابات کاغذ پر ہی لکھیں گے تاہم چیکنگ اور مارکنگ کے لیے جوابی کاپیوں کو اسکین کرکے ڈیجیٹل شکل میں ممتحن کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

صوبائی وزیر تعلیم کے مطابق اس سسٹم کا مقصد پیپرز کی چیکنگ میں غلطیوں کو کم کرنا، مارکس کے تعین میں یکسانیت لانا اور امتحانی عمل کو زیادہ شفاف بنانا ہے۔