مواد پر جائیں

پاکستان کی پہلی نیٹ فلکس اوریجنل سیریز 'جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو' کی ریلیز کی تاریخ سامنے آگئی

مومنہ درید کی تخلیق و ہدایت کاری میں بننے والی یہ سیریز 4 دسمبر کو ریلیز ہوگی، سیریز میں فواد خان، ماہرہ خان اور دیگر اداکار شامل ہیں۔

شائع اپ ڈیٹ

جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو پاکستان کی پہلی نیٹ فلکس اوریجنل سیریز ہے۔ فوٹو: نیٹ فکلس ایم ای این اے
جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو پاکستان کی پہلی نیٹ فلکس اوریجنل سیریز ہے۔ فوٹو: نیٹ فکلس ایم ای این اے

پاکستان کی پہلی ’نیٹ فلکس‘ اوریجنل سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کا پوسٹر اور ریلیز ڈیٹ سامنے آگئی ہے۔ سیریز 4 دسمبر کو اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر ریلیز کی جائے گی۔

اتوار کو نیٹ فلکس مڈل ایسٹ اور نارتھ افریقہ کی جانب سے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں سیریز کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے بتایا گیا کہ اس سیریز میں تین نسلوں کی چھ محبت کی کہانیاں بیان کی گئی ہیں جن کا مرکزی سوال یہ ہے کہ کیا ہمارے دلوں میں موجود محبت ہی کافی ہے؟

’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ معروف پاکستانی ناول نگار فرحت اشتیاق کے اسی نام کے مقبول ناول پر مبنی رومانوی ڈراما سیریز ہے۔ فرحت اشتیاق کا یہ ناول پہلی بار 2009 میں ’خواتین ڈائجسٹ‘ میں قسط وار شائع ہوا تھا، جب کہ 2013 میں اسے کتابی شکل میں پیش کیا گیا۔

اس سیریز کی تخلیق اور ہدایت کاری مومنہ درید نے کی ہے، جو پاکستان کی معروف پروڈیوسر ہیں اور ’ہمسفر‘، ’زندگی گلزار ہے‘، ’داستان‘ اور ’سنو چندا‘ جیسے مقبول ڈرامے پروڈیوس کرچکی ہیں۔

یہ سیریز ہم نیٹ ورک کی جانب سے پاکستانی انٹرٹینمنٹ کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے کی کوششوں کا حصہ ہے، جسے مومنہ درید فلمز کے بینر تلے تیار کیا گیا ہے۔

اس سیریز کا ٹریلر آئندہ ہفتے ریلیز کیے جانے کا امکان بھی ہے۔

یہ منصوبہ پاکستان کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے لیے اس لحاظ سے اہم ہے کہ یہ پہلی پاکستانی سیریز ہے جسے نیٹ فلکس نے اوریجنل پروڈکشن کے طور پر تیار کرنے کے لیے کمیشن کیا ہے، نہ کہ کسی مقامی ٹی وی چینل پر نشر ہونے کے بعد اسٹریمنگ پلیٹ فارم پر دکھانے کے لیے حاصل کیا ہو۔

واضح رہے کہ ’نیٹ فلکس اوریجنل‘ سے مراد ایسی فلم یا سیریز ہے جسے نیٹ فلکس خود تیار کرے یا اس کی تیاری کے لیے کسی پروڈکشن کمپنی کو کمیشن دے۔

اس سیریز کی خاص بات اس کی بڑی اسٹار کاسٹ ہے، جس میں فواد خان، ماہرہ خان، صنم سعید، احد رضا میر، حمزہ علی عباسی، ہانیہ عامر، مایا علی، اقرا عزیز، بلال اشرف اور خوشحال خان شامل ہیں۔ ان میں سے بیشتر اداکار پہلی بار نیٹ فلکس کی کسی سیریز میں نظر آئیں گے۔

سیریز کی کاسٹ میں نادیہ خان، نادیہ جمیل، عمیر رانا اور ثمینہ احمد سمیت دیگر معروف اداکار بھی شامل ہیں۔

فلموں اور ڈراموں کی درجہ بندی اور معلومات فراہم کرنے والی عالمی ویب سائٹ آئی ایم ڈی بی کے مطابق سیریز کی کہانی سکندر اور لیزا کے گرد گھومتی ہے۔ سکندر شہریار ہارورڈ یونیورسٹی میں قانون کا طالب علم ہے، جو جذباتی صدمات سے گزر رہا ہے، جب کہ لیزا ایک فنکارہ ہے جس کا ماضی پیچیدہ ہے۔

’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کی عکس بندی پاکستان کے علاوہ اٹلی اور برطانیہ میں بھی کی گئی ہے، جس سے اس کی کہانی کو بین الاقوامی پس منظر دیا گیا ہے۔