مواد پر جائیں

'ریاستی حصار میں ہوں'، فضل الرحمان: نظر بندی کے کوئی احکامات جاری نہیں ہوئے، ڈی سی لاہور

سرگودھا کانفرنس سے پہلے پوری ڈویژن میں جے یو آئی کارکنان کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، پارٹی سربراہ کا الزام

شائع اپ ڈیٹ

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ وہ ’اس وقت ریاستی حصار میں ہیں‘ اور لاہور کے تمام راستے بند ہونے کے باعث لاہور ہائی کورٹ بار کے وکلا سے براہِ راست خطاب نہیں کر سکے۔

وہ لاہور بار ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقدہ آل پارٹیز سمینار میں شرکت کے لیے گزشتہ شب لاہور پہنچے تھے۔ تاہم ان کی پارٹی نے دعویٰ کیا کہ ”پنجاب پولیس نے ان کی قیام گاہ کے باہر اہلکار تعینات کرکے انہیں باہر آنے سے روک دیا۔“

پارٹی نے اس مبینہ ’محاصرے‘ کے خلاف لاہور ہائی کورٹ سے بھی رجوع کیا ہے۔

اس بارے میں ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر لاہور کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان سے کسی قسم کا کوئی رابطہ ہوا نہ ہی انہیں کسی تھریٹ الرٹ کے بارے میں آگاہ کیا۔

مبینہ محاصرے کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ”مولانا فضل الرحمان کی نظر بندی کے بھی کوئی احکامات جاری نہیں ہوئے۔“

واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان نے 11 اکتوبر کو خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے بعد حکومت مخالف بیانات کا ایک سلسلہ شروع کر رکھا ہے جس میں ان کا مؤقف ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی صوبائی حکومت کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر اتفاق ہو گیا تھا مگر وفاقی حکومت نے اس کے باوجود گورنر راج نافذ کر دیا۔

اس کے بعد مولانا فضل، ان کے صاحبزادے سابق وفاقی وزیر اسعد محمود، اور جے یو آئی کے دیگر رہنماؤں کے خلاف مالی اور انتظامی تحقیقات کا آغاز ہوا جس پر پارٹی نے حکومت پر ’کریک ڈاؤن‘ اور ’انتقامی کارروائی‘ لانچ کرنے کے الزامات عائد کیے جنہیں حکومتی رہنما بے بنیاد قرار دیتے ہیں۔ اس کے بعد پارٹی نے 19 نومبر مولانا فضل الرحمان اور اسعد محمود سے ان کی ’تمام سکیورٹی‘ واپس لیے جانے کا دعویٰ کیا تھا۔

ویڈیو پیغام میں سیمینار میں شرکت نہ کرنے پر وکلا سے معذرت کرتے ہوئے جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ ”مجھے افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ میں اس وقت ریاستی حصار میں ہوں اور پورا لاہور شہر ریاستی رکاوٹوں سے بھرا ہوا ہے، تمام راستے بند ہیں، ناکے لگے ہوئے ہیں اور ایک پرامن شہری کو دانشوروں کے ماحول میں جانے سے روکا جا رہا ہے۔“

ان کا کہنا تھا کہ ”یہ حصار ٹوٹیں گے۔۔۔۔جبر کو کبھی دوام حاصل نہیں لیکن صبر کو پوری تاریخ میں ہمیشہ دوام حاصل رہا ہے۔“

انہوں اپنی جماعت کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ ”ہم اس وقت ملک میں امن کے داعی ہیں۔۔۔اور قیام امن کے لیے ہم نے ہمیشہ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے، اپنی زندگیوں کو خطرے میں ڈالا ہے اور یہ اپنی مٹی سے وفاداری کی بہت بڑی شہادت ہے۔“

’سرگودھا ڈویژن میں کارکنان کو گرفتار کیا جا رہا‘

فضل الرحمان نے 26 نومبر کو سرگودھا میں ہر حال میں ’ایک بہت بڑی کانفرنس‘ منعقد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے پوری ڈویژن میں پارٹی کارکنان کے خلاف حکومت کریک ڈاؤن کا الزام لگایا۔ ”کارکن ریاستی جبر کے نشانے پر ہیں۔ لوگوں کے کاروبار بند کیے جا رہے ہیں۔“

انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ ان کے کارکنان کو بھکر، میانوالی، خوشاب، اور سرگودھا کے اضلاع اور ان کی تحصیلوں سے ’تعاقب‘ کر کے گرفتار کیا جا رہا ہے ”تاکہ وہ عوام سے نہ مل سکیں اور اس جلسہ عام کے لیے عوام کو منظم نہ کر سکیں۔“

انہوں نے کہا کہ ہم نے یہ کانفرنس کرنے کا عزم کیا ہے اور عوام سے اپیل کی کہ وہ اجتماع کو کامیاب بنا کر اپنی حریت اور آزادی کا مظاہرہ کریں۔

فضل الرحمان کی رہائش گاہ کے مبینہ گھیراؤ کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر

دوسری جانب مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کے مبینہ طور پر گھیراؤ کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے وکیل ایڈووکیٹ ابرار حسین کی جانب سے دائر کی گئی درخواست تاحال سماعت کے لیے مقرر نہیں کی گئی۔

درخواست گزار وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کے باہر تقریباً 3 ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جس کے باعث انہیں عملاً گھر تک محدود کر دیا گیا ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ انہوں نے پولیس حکام سے مولانا فضل الرحمان کو حراست میں رکھنے یا ان کی نقل و حرکت محدود کرنے کی اجازت دینے والے قانونی حکم نامے کی نقل طلب کی تھی، تاہم حکام نے ایسا کوئی دستاویز فراہم نہیں کیا۔

درخواست گزار نے مزید الزام لگایا کہ پولیس نے انہیں بھی جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ سے ملاقات کی اجازت نہیں دی۔

وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ پولیس کو مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کا محاصرہ ختم کرنے کا حکم دیا جائے۔

دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ترجمان نے اپنے بیان میں خبردار کیا کہ مختلف شہروں میں پارٹی کارکنوں کی گرفتاریاں اور اس کے بعد پارٹی سربراہ کی رہائش گاہ کے باہر بھاری نفری کی مبینہ تعیناتی حکومت کے لیے سیاسی نتائج کا باعث بنے گی۔

ترجمان نے کہا کہ گرفتاریاں، سڑکوں کی بندش، کاروباری مراکز کو سیل کرنا اور مقدمات کا اندراج پارٹی کو اپنی جدوجہد سے نہیں روک سکتے۔

انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) آئین کی بالادستی اور عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

لاہور میں دفعہ 144 نافذ

علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق لاہور میں 24 سے 26 نومبر تک تین روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔

حکم نامے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کی رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پنجاب بھر، بشمول لاہور، میں عسکریت پسند اور دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ ساتھ مخالف انٹیلی جنس ایجنسیوں کی جانب سے امن و امان، سکیورٹی اور جان و مال کے تحفظ کو سنگین اور فوری خطرات لاحق ہیں۔

اس میں کہا گیا ہے کہ جلسے، ریلیاں، اجتماعات، دھرنے، جلوس، مظاہرے اور عوامی اجتماعات دہشت گرد حملوں کا نشانہ بن سکتے ہیں جبکہ کسی ناخوشگوار واقعے کے امکان کو بھی رد نہیں کیا جا سکتا۔

حکم نامے میں یہ خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے کہ بعض عناصر ایسی سرگرمیوں میں ملوث ہو سکتے ہیں جن کے نتیجے میں غیر قانونی اجتماعات منعقد ہوں، امن و امان کی صورت حال خراب ہو اور سکیورٹی کو خطرات لاحق ہوں۔ اس سے جانی و مالی نقصان اور اہم تنصیبات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

پابندیوں کے تحت کسی بھی عوامی مقام، گلی، سڑک، شاہراہ، موٹروے یا کھلی جگہ پر پانچ یا اس سے زائد افراد کے اجتماع، جلوس اور اجتماعات پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

حکم نامے کے مطابق لوگوں کو غیر قانونی اجتماعات میں شرکت کے لیے اکسانے پر بھی پابندی ہوگی۔

تاہم ان پابندیوں کا اطلاق شادی کی تقریبات، نماز جنازہ، تدفین کے اجتماعات، مساجد اور گرجا گھروں میں عبادات، سرکاری اور نیم سرکاری اداروں کے سرکاری امور اور عدالتوں پر نہیں ہوگا۔