مواد پر جائیں

احتجاج رنگ لے آیا: بنگلادیش میں مزدوروں کی تنخواہوں میں اضافہ کردیا گیا

گارمنٹس ورکرز کئی ہفتوں سے تنخواہوں میں اضافے کے لیے احتجاج کر رہے تھے۔

شائع اپ ڈیٹ

بنگلادیش کے شہر غازی پور میں سکیورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان  تصادم کا ایک منظر(فائل فوٹو: رائٹرز)
بنگلادیش کے شہر غازی پور میں سکیورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان تصادم کا ایک منظر(فائل فوٹو: رائٹرز)

بنگلا دیش میں کئی ہفتوں سے جاری احتجاج اور فیکٹریوں کی بندش کے بعد گارمنٹس ورکرز کی کم از کم ماہانہ تنخواہ 12 ہزار 500 ٹکا سے بڑھا کر 17 ہزار ٹکا کر دی گئی۔

گارمنٹس ورکرز کئی ہفتوں سے تنخواہوں میں اضافے کے لیے احتجاج کر رہے تھے۔ مظاہروں کے باعث فیکٹریاں بند اور شاہراہیں بلاک رہیں اور پیداواری سرگرمیاں متاثر ہوئیں جبکہ بعض مقامات پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔

بنگلا دیش کی گارمنٹس انڈسٹری ملک کی معیشت میں کلیدی اہمیت رکھتی ہے جس سے 40 لاکھ سے زائد افراد وابستہ ہیں جبکہ ملک کی مجموعی برآمدات میں اس صنعت کا حصہ 80 فیصد سے زیادہ ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق حکومت کے مقرر کردہ اجرت بورڈ نے مزدوروں اور فیکٹری مالکان کے نمائندوں کے درمیان تقریباً 12 گھنٹے طویل مذاکرات کے بعد بدھ کی رات 2 بجے نئی تنخواہوں کے ڈھانچے کی منظوری دی تاہم حالیہ اضافہ گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے کے دوران سب سے کم اضافہ قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ مزدوروں نے ابتدائی طور پر اپنی تنخواہیں دگنی کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

اجرت بورڈ کے6 رکنی پینل میں مزدوروں اور آجرین کے 2، 2 نمائندے شامل تھے۔ نئی تنخواہوں کے ڈھانچے کی منظوری 2 کے مقابلے میں 4 ووٹوں سے دی گئی۔

مزدوروں کے نمائندے بابل اختر کے مطابق 4 ارکان نے کم از کم ماہانہ تنخواہ 17 ہزار ٹکا یعنی 139 ڈالر مقرر کرنے کی حمایت کی جبکہ 2 ارکان نے مزدوروں کا 18 ہزار ٹکا تنخواہ مقرر کرنے کا مطالبہ برقرار رکھا۔

نئے 4 درجات پر مشتمل تنخواہوں کے نظام کے تحت گریڈ 4 کے ملازمین کی کم از کم ماہانہ اجرت 17 ہزار ٹکا جبکہ گریڈ ایک کے ملازمین کی تنخواہ 21 ہزار 500 ٹکا مقرر کی گئی ہے۔اس سے قبل گارمنٹس ورکرز کی کم از کم ماہانہ تنخواہ 12 ہزار 500 ٹکا تھی جس میں اب 4 ہزار 500 ٹکا اضافہ کیا گیا ہے۔

مزدوروں نے مذاکرات کے ابتدائی مرحلے میں کم از کم ماہانہ تنخواہ 32 ہزار ٹکا مقرر کرنے کا مطالبہ کیا تھا تاہم بعد میں اسے کم کرکے 18 ہزار ٹکا کر دیا گیا۔ دوسری جانب فیکٹری مالکان نے ابتدا میں 15 ہزار ٹکا تنخواہ کی پیشکش کی تھی جسے بعد ازاں بڑھا کر 17 ہزار ٹکا کر دیا گیا۔

احتجاج سے گارمنٹس انڈسٹری کو بھاری نقصان

مزدوروں کے احتجاج نے بنگلا دیش کی اہم ترین برآمدی صنعت کو شدید متاثر کیا ہے۔

بنگلا دیش گارمنٹ مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (بی جی ایم ای اے) کے مطابق گزشتہ روز 397 فیکٹریاں کام کرنے سے قاصر رہیں جبکہ مزید 84 فیکٹریاں لیبر قانون کے تحت ’کام نہیں تو تنخواہ نہیں‘ کی شق کے تحت بند رہیں۔

بی جی ایم ای اے کے ایک سروے کے مطابق 18 روز تک جاری رہنے والی پیداواری رکاوٹوں کے دوران 317 فیکٹریوں کو تقریباً 428 ملین ڈالر کا پیداواری نقصان ہوا جبکہ خریداروں نے تقریباً 254 ملین ڈالر کے آرڈرز دوسرے ممالک منتقل کر دیے۔

دوسری جانب فیکٹری مالکان کا کہنا ہے کہ تنخواہوں میں مزید اضافہ پیداواری لاگت بڑھا سکتا ہے اور عالمی منڈی میں بنگلا دیشی مصنوعات کی مسابقتی حیثیت کمزور ہونے کا خدشہ ہے۔

علاوہ ازیں مزدوروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کا مؤقف ہے کہ ملازمین کے معیارِ زندگی کو برقرار رکھنے اور گارمنٹس انڈسٹری میں طویل مدتی استحکام کے لیے بہتر اجرت ضروری ہے۔

نئی تنخواہوں کا اطلاق کب ہوگا؟

حکومت کی منظور کردہ نئی تنخواہوں کا ڈھانچہ یکم دسمبر2026 سے نافذ العمل ہوگا جبکہ مزدوروں کو نظرثانی شدہ اجرت جنوری 2027 سے ملنے کی توقع ہے۔

مزدوروں کی تنخواہوں میں گزشتہ برسوں کے دوران بھی نمایاں اضافے کیے گئے تھے۔ سال 2023 میں کم از کم اجرت میں 56 فیصد، 2018 میں 51 فیصد اور 2013 میں 77 فیصد اضافہ کیا گیا تھا تاہم رواں سال 36 فیصد اضافہ گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے میں سب سے کم ہے۔