حجاب کے بغیر پرفارمنس، ایرانی گلوکارہ کو 74 کوڑنے مارنے کی سزا
ایران میں خواتین کے لیے لازمی حجاب کی پابندی کو نظرانداز کرتے ہوئے موسیقی کی محفل سجانا ایک گلوکارہ اور ان کی ٹیم کو مہنگا پڑگیا جہاں دسمبر 2024 میں بغیر حجاب پرفارم کرنے والی گلوکارہ پرستو احمدی اور ان کے 4 ساتھیوں کو 74، 74 کوڑے مارنے کی سزا دے دی گئی۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز نے ایرانی خبر رساں ویب سائٹ امتداد کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ گلوکارہ اور ان کی پروڈکشن ٹیم کے 4 ارکان کو سزا پر عمل درآمد کرتے ہوئے کوڑے مارے گئے۔
ایران میں خواتین کے لیے حجاب پہننے کے لازمی قوانین 2022 میں بڑے پیمانے پر احتجاج کا سبب بنے تھے۔ یہ مظاہرے ایرانی کرد خاتون مہسا امینی کی زیر حراست ہلاکت کے بعد شروع ہوئے تھے جنہیں مبینہ طور پر لباس کے ضابطوں کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا تھا۔
امتداد ویب سائٹ نے وکیل مصطفیٰ نیلی کے حوالے سے بتایا کہ پرستو احمدی اور ان کی ٹیم کے ارکان کو آن لائن فحش اور غیر اخلاقی مواد تیار کرنے اور شائع کرنے کے ذریعے عوامی اخلاقیات مجروح کرنے کے الزام میں سزا سنائی گئی۔
رپورٹ کے مطابق پانچوں افراد کو 74، 74 کوڑے مارنے کے علاوہ فنکارانہ اور موسیقی کی سرگرمیوں میں حصہ لینے اور بیرون ملک سفر کرنے پر بھی 2 سال کی پابندی عائد کی گئی ہے تاہم امتداد نے یہ واضح نہیں کیا کہ آیا وکیل مصطفیٰ نیلی ان پانچوں ملزمان کی نمائندگی کر رہے تھے یا نہیں۔
بغیر حجاب کنسرٹ کی ویڈیو کیسے سامنے آئی؟
ناروے میں قائم انسانی حقوق کی تنظیم ہینگاو کے مطابق اس مقدمے کا پس منظر دسمبر 2024 میں یوٹیوب پر جاری ہونے والی ایک ویڈیو ہے جس میں پرستو احمدی مرد موسیقاروں کے ہمراہ پرفارم کرتی دکھائی دی تھیں۔
ویڈیو میں گلوکارہ نے ایران میں خواتین کے لیے لازمی قرار دیے گئے حجاب کے بغیر گلوکاری کی تھی۔ یہ پرفارمنس دارالحکومت تہران کے جنوب میں واقع شہر قم میں ریکارڈ کی گئی تھی۔
دوسری جانب مغربی حکومتوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے کوڑے مارنے کی سزا کو تشدد اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس پر تنقید کی ہے۔
علاوہ ازیں ایران انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق مغربی ممالک کے الزامات مسترد کرتا ہے اور ان ممالک کو اپنے ہاں انسانی حقوق کی صورت حال پر توجہ دینے کا مشورہ دیتا ہے۔
رائٹرز کے مطابق ایرانی حکام نے اس معاملے پر تبصرے کی درخواست کا فوری جواب نہیں دیا۔














