مکہ دفاعی اتحاد کا اسلام آباد میں اجلاس، سعودی عرب کے تحفظ کے لیے اجتماعی کوششیں تیز کرنے کا عزم
پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان اسٹرٹیجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کا دوسرا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں تینوں ملکوں نے علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے اور سعودی عرب کے تحفظ کے لیے اجتماعی کوششیں تیز کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
جمعے کو اجلاس کے بعد جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق تینوں ممالک نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے اصولوں، اجتماعی دفاع، باہمی یکجہتی اور خودمختاری کے احترام کے عزم کا اظہار کیا اور فریقین نے سیاسی اور عسکری مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
اجلاس کے دوران31 اگست 2026 کو استنبول اور 5 اکتوبر 2026 کو ریاض میں ہونے والے اجلاسوں کے فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا جب کہ اتحاد کے ادارہ جاتی ڈھانچے اور اجتماعی دفاعی ذمہ داریوں پر عمل درآمد میں پیش رفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق سعودی عرب میں مکہ دفاعی اتحاد کے سیکریٹریٹ کے قیام اور اسے فعال بنانے کی پیش رفت پر تینوں ملکوں نے اطمینان کا اظہار کیا اور علاقائی کشیدگی میں کمی، تنازعات کے پرامن حل اور سفارت کاری کے فروغ پر زور دیا۔
مشترکہ اعلامیے کے مطابق مکہ دفاعی اتحاد نے حوثی ملیشیا کے سعودی عرب میں شہریوں اور شہری تنصیبات پر مسلسل حملوں کی شدید مذمت کی اور سعودی عرب کی سلامتی کے تحفظ کے لیے اجتماعی دفاعی معاہدے کے تحت کوششیں تیز کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ تینوں ملکوں نے دفاعی صنعت، مشترکہ ٹیکنالوجی، تربیت اور استعداد کار بڑھانے کے شعبوں میں تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
مشترکہ اعلامیے کے مطابق مکہ دفاعی اتحاد کا مقصد خطے میں امن و سلامتی کے قیام اور مشترکہ دفاعی تعاون کو فروغ دینا ہے۔
واضح رہے کہ مکہ دفاعی اتحاد کا یہ اجلاس مشرقِ وسطیٰ اور وسیع تر خطے میں سلامتی کی بدلتی ہوئی صورتِ حال کے تناظر میں ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں شریک ممالک کے درمیان سیاسی مشاورت، انٹیلی جنس کے تبادلے، عسکری ہم آہنگی، باہمی آپریشنل صلاحیتوں اور دفاعی پیداوار و ٹیکنالوجی میں تعاون کو فروغ دینے پر غور کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں علاقائی پیش رفت، انسدادِ دہشت گردی کے تعاون، بحری سلامتی اور دیگر خطرات سے نمٹنے کے لیے اجتماعی اقدامات پر بھی بات چیت ہوئی۔
واضح رہے کہ غیر ملکی وفود کی آمد اور سہ فریقی دفاعی اجلاس کے پیشِ نظر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں 27 نومبر کو مقامی تعطیل کا اعلان بھی کیا گیا تھا۔
جس معاہدے کے تحت یہ اجلاس ہوا ہے اس پر پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے نے رواں سال اگست میں دستخط کیے تھے۔ معاہدے کی نوعیت دفاعی ہے جس کے تحت تینوں ممالک نے کسی ایک ملک پر حملے کی صورت میں اس کی مدد کا عہد کیا تھا۔
اس اتحاد کا مرکزی فیصلہ ساز فورم ’اسٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی‘ ہے جس میں تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور سربراہانِ دفاعی افواج شامل ہیں۔
اتحاد کے امور میں رابطہ کاری کے لیے ریاض میں مستقل سیکریٹریٹ قائم کیا گیا ہے جبکہ پاکستان کے ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود کو 3 سال کے لیے اس کا پہلا سیکریٹری جنرل مقرر کیا گیا ہے۔ رکن ممالک کے حکام پر مشتمل ایک ورکنگ کمیٹی بھی کام کر رہی ہے۔
ترکیہ کی جانب سے معاہدے کی توثیق کے بعد تینوں رکن ممالک کی شمولیت کا عمل مکمل ہو چکا ہے، تاہم وزیر دفاع خواجہ آصف کے مطابق اتحاد کا ادارہ جاتی اور عملی ڈھانچہ ابھی ابتدائی مراحل میں ہے۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ سے گفتگو میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ ابھی ”ابتدائی مراحل“ میں ہے اور اس کے لائحہ عمل اور عملی طریقہ کار طے کرنے کے لیے باقاعدگی سے اجلاس ضروری ہوں گے۔
انہوں نے کہا تھا کہ ابتدا میں ہمیں متواتر اجلاس کی ضرورت ہے تاکہ جو کچھ تشکیل دیا جا رہا ہے اسے درست سمت دی جا سکے اور آئندہ چند ماہ میں تمام ضروری انتظامات مکمل کرکے آگے بڑھ سکیں۔
اجلاس کے ایجنڈا کے حوالے سے وزیرِ دفاع نے کہا تھا کہ اس میں سعودی عرب اور حوثیوں کے درمیان جاری تنازع پر تبادلہ خیال ہو گا۔
اسلام آباد میں سیکورٹی کے سخت انتظامات
اجلاس کے پیش نطر وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ اسلام آباد ٹریفک پولیس نے 28 نومبر کی رات 12 بج کر 30 منٹ تک مختلف شاہراہوں اور ریڈ زون کے داخلی و خارجی راستوں پر ٹریفک کی عارضی بندش اور ڈائیورژن کا اعلان بھی کیا ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ایکسپریس ہائی وے اور سری نگر ہائی وے پر مختلف مقامات پر مختلف اوقات میں ٹریفک ڈائیورژن لگائی ہیں۔
اس کے علاوہ سرینہ ہوٹل، نادرا چوک، ایوب چوک اور ایکسپریس چوک ٹریفک کے لیے بند رہیں گے جبکہ ریڈ زون میں آمدورفت کے لیے مارگلہ روڈ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، متبادل راستے اختیار کریں اور اپنی منزل تک بروقت پہنچنے کے لیے سفر میں کم از کم 20 سے 25 منٹ اضافی رکھیں۔
جاوید سومرو 25 سال سے زائد عرصے سے صحافت کے شعبے سے وابستہ ہیں، حکومتِ پاکستان نے انہیں سول اعزاز "تمغۂ امتیاز" سے نوازا،ہم نیوز میں بطور بیورو چیف (اسلام آباد) خدمات انجام دے رہے ہیں۔














