مواد پر جائیں

سعودی وزیر دفاع کا وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات پر اظہار تشکر

اسلام آباد میں پرتپاک استقبال اور شاندار مہمان نوازی پر شکر گزار ہوں، شہزادہ خالد بن سلمان

شائع

فوٹو،سعودی وزیر دفاع ایکس
فوٹو،سعودی وزیر دفاع ایکس

سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے وزیراعظم شہباز شریف کا استقبال اور شاندار مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم سے ملاقات کرکے انہیں بے حد خوشی ہوئی۔

واضح رہے کہ مکہ دفاعی اتحاد کی اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کا دوسرا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان سیاسی، دفاعی اور اسٹریٹجک تعاون کو مزید وسعت دینے کے امور زیر غور آئے، اجلاس کا مقصد مشترکہ مفادات کے تحفظ، باہمی روابط کے فروغ اور عالمی امن و سلامتی کے لیے مشترکہ کوششوں کو مضبوط بنانا ہے۔

شہزادہ خالد بن سلمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ اسلام آباد میں مکہ دفاعی اتحاد کے تحت اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے دوسرے اجلاس میں شرکت کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوئی۔

سعودی وزیر دفاع نے کہا کہ انہوں نے اجلاس میں شریک اعلیٰ حکام کو سعودی قیادت کی جانب سے خصوصی خیر سگالی کا پیغام پہنچایا۔

ان کے مطابق ملاقات اور اجلاس کے دوران اتحاد کے رکن ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

شہزادہ خالد بن سلمان نے کہا کہ اجلاس میں استنبول اوراسلام آباد میں ہونے والے اجلاسوں کے نتائج کو آگے بڑھانے اور ان پر مؤثر انداز میں عمل درآمد کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ مکہ دفاعی اتحاد کے رکن ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعاون کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے جبکہ اتحاد بین الاقوامی امن و سلامتی کے تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

سعودی وزیر دفاع نے وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ پرتپاک استقبال اور فراخ دلانہ میزبانی پر ان کے شکر گزار ہیں۔