مواد پر جائیں

مولانا فضل الرحمان کو گرفتار یا نظر بند نہیں کیا گیا، لاہور پولیس

مولانا خواجہ خلیل احمد قائم مقام مرکزی امیر مقرر، نماز جمعہ کے بعد پھر مظاہرے ہوں گے، جے یو آئی

شائع اپ ڈیٹ

فوٹو: ہم نیوز
فوٹو: ہم نیوز

لاہور پولیس نے جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی مبینہ حراست اور گرفتاری کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا کو گرفتار یا نظر بند نہیں کیا گیا۔

جے یو آئی کے مرکزی میڈیا سیل کی جانب سے جاری بیان میں پارٹی سربراہ کی گرفتاری کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا گیا کہ ”مولانا فضل الرحمان نے ملک میں امن و امان کی خاطر گرفتاری دی۔“

مولانا فضل الرحمان کی ’گرفتاری‘ کے دعوے کے بعد پارٹی نے اعلان کیا کہ ”مولانا خواجہ خلیل احمد نے قائم مقام مرکزی امیر کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔“

پولیس حکام نے ہم نیوز کے لاہور بیورو چیف کو بتایا کہ مولانا فضل الرحمان کو گرفتار یا نظر بند نہیں کیا بلکہ وہ رات ڈیڑھ بجے سے پارک ویو ہاوسنگ سوسائٹی میں اپنی رہائش گاہ پر موجود ہیں۔

پولیس نے گزشتہ روز بھی لاہور ہائی کورٹ میں مولانا فضل الرحمان کی ’گھر میں نظر بندی‘ کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کے دوران عدالت کو بتایا تھا کہ ”ہم نے مولانا فضل الرحمان کو گرفتار کیا نہ وہ ہمیں مطلوب ہیں۔“

واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان گزشتہ روز ایک جلسے میں شرکت کے لیے لاہور سے سرگودھا روانہ ہوئے تھے۔ تاہم پارٹی کے مرکزی میڈیا سیل کے بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ لاہور کی ’پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے ان کا راستہ روکا‘ اور انہیں ’11 گھنٹوں سے زائد ٹھوکر کے مقام پر محصور رکھا گیا۔‘

جے یو آئی بیان میں مزید دعویٰ کیا کہ ’بعد ازاں سی سی پی او لاہور آئے اور انہوں نے انہیں گرفتار کرنے کے احکامات سے آگاہ کیا‘ جس پر ’مولانا فضل الرحمٰن نے حکومتی عزائم کو بھانپتے ہوئے کارکنوں اور حکومتی ٹکرائو کی بجائے گرفتاری کو ترجیح دی‘۔

’نماز جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہرے ہوں گے‘

جے یو آئی کے بیان میں ’تحریک اور جدوجہد بدستور جاری‘ رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ “آج بعد نمازِ جمعہ ملک بھر کے ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔

بیان میں کہا گیا کہ مولانا خواجہ خلیل احمد نے قائم مقام مرکزی امیر کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں اور ”پارٹی کے سابقہ فیصلوں اور مولانا فضل الرحمن کے بیانیے کے مطابق تحریک جاری رہے گی۔“

بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ ”آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان پارٹی قیادت باہمی مشاورت کے بعد کرے گی۔“

راولپنڈی میں احتجاج کی کال واپس لے لی گئی

دوسری جانب جے یو آئی کے ضلعی امیر ضیاء الرحمان نے مولانا فضل الرحمان کی مبینہ ’گرفتاری‘ کے خلاف راولپنڈی میں احتجاجی مظاہرے کی کال واپس لے لی ہے۔

ان کے مطابق یہ فیصلہ اسلام اباد میں غیر ملکی وفود کی آمد کے باعث کیا گیا۔

یاد رہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ پر مشتمل سہ فریقی مکہ دفاعی اتحاد کے فیصلہ ساز فورم کا 2 روزہ اجلاس آج اسلام آباد میں شروع ہونے جا رہا ہے۔ اس موقع پر وفاقی دارالحکومت میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں مقامی تعطیل کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

لاہور میں دفعہ 144 میں توسیع

ادھر ڈپٹی کمشنر لاہور نے ’امن و امان اور سکیورٹی خدشات کے پیش نظر‘ شہر میں دفعہ 144 کے نفاذ میں 3 روز کی توسیع کر دی ہے۔

ڈی سی آفس کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق 26 نومبر سے 29 نومبر تک 5 یا زائد افراد کے اجتماع اور جلوس منعقد کرانے یا ان کے کیے عوام کو اکسانے پر مکمل پابندی عائد رہے گی۔

سیاسی کشیدگی کی ابتدا

واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان نے 11 اکتوبر کو خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے بعد حکومت مخالف بیانات کا ایک سلسلہ شروع کر رکھا ہے جس میں ان کا مؤقف ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی صوبائی حکومت کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر اتفاق ہو گیا تھا مگر وفاقی حکومت نے اس کے باوجود گورنر راج نافذ کر دیا۔

اس کے بعد مولانا فضل الرحمان، ان کے صاحبزادے سابق وفاقی وزیر اسعد محمود، اور جے یو آئی کے دیگر رہنماؤں کے خلاف مالی اور انتظامی تحقیقات کا آغاز ہوا جس پر پارٹی نے حکومت پر ’کریک ڈاؤن‘ اور ’انتقامی کارروائی‘ لانچ کرنے کے الزامات عائد کیے جنہیں حکومتی رہنما بے بنیاد قرار دیتے ہیں۔

بعد ازاں مولانا فضل الرحمان نے ملک کے مخلتف شہروں میں منعقدہ تقاریب اور جلسوں میں شرکت کا سلسلہ شروع کیا۔ وہ بدھ کو لاہور بار ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقدہ آل پارٹیز سمینار میں شرکت کے لیے لاہور پہنچے تھے تاہم اس ایونٹ میں ان کے مطابق وہ ’ریاستی حصار’ میں ہونے کے باعث شرکت نہیں کر پائے۔

اس دوران انہوں نے لاہور سے ہی جاری کردہ ویڈیو پیغامات میں جمعرات کو سرگودھا میں ہونے والے جلسے سے قبل سرگودھا ڈویژن سے پارٹی کارکنان کی گرفتاریوں کا الزام لگاتے ہوئے ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا۔

اس اعلان کے بعد نیشنل ہائی ویز اور موٹروے پولیس کے مطابق لاہور اور پشاور موٹروے سمیت ملک کی متعدد شاہراہیں بند کر دی گئیں تھیں جن میں سے بیشتر کو گزشتہ شب ہی کھول دیا گیا تھا جبکہ آج یعنی جمعہ کی صبح تک کوئی سڑک بند ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

اس صورتحال پر گزشتہ روز وزیرِ اطلاعات عطا تارڑ نے ایک بیان میں کہا کہ ملک کے اندر معمولی ٹریفک جام ہوتے رہتے ہیں۔ یہ کوئی اتنی بڑی بات نہیں ہے۔ بات صرف یہ ہے کہ سیاست کو سیاست سمجھ کر ہی کرنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کے حالیہ بیانات اور گزشتہ چند دونوں کے طرزِ عمل سے ایسا لگ رہا ہے جیسے وہ خود تصادم چاہتے ہیں۔